Live Updates

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا رات بھر بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

جمعرات 21 اگست 2025 17:46

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا رات بھر بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بارش سے متاثرہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اے جناح روڈ ، صدر ، گرومندر ، گلبہار ، بورڈ آفس ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، حیدری ، کے ڈی اے ، فائیو اسٹار ، نیو کراچی ، ناگن چورنگی، پاور ہاوس چورنگی ، سرجانی ٹائون گئے۔

متاثرین سے ملاقات میں ان کے مسائل بھی سنے۔گورنرسندھ نے شہریوں کو ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ بارش سے متاثرہ شہریوں میں پکا ہوا کھانا اور منرلن واٹر بھی تقسیم کیا۔ متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد گورنر ہائوس میں گورنر سندھ نے ڈاکٹر فاروق ستار کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی و حیدرآباد میں بجلی کا نظام درہم برہم، شہری شدید پریشان میں مبتلا ہیں۔

(جاری ہے)

سرجانی فیز 2 میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے، متاثرین کو چھتوں پر کھانا و پانی فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میئر کراچی اور بجلی محکموں سے رابطہ کیا جس کے بعد کئی علاقوں سے پانی نکال لیا گیاتاہم نشیبی علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے، اندرون سندھ کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ انہو ں نے کہا کہ مسائل کی وجوہات تلاش کرنا ضروری ہے، مشاورت سے مستقل حل نکالیں گے اس ضمن میں سندھ حکومت اور میئر کراچی کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہائوس میں شکایتی سیل پر صرف آج 1095 شکایات موصول ہوئیں، جبکہ قائم سے ابتک 11 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے دن گیارہ ہزار پانی کی بوتلیں اور سات ہزار کھانے کے پیکٹ تقسیم کئے گئے ہیں اور یہ امدادی سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ شہریوں کو کسی حال میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

فیملی کو ریسکیو کرنے کے لئے دبئی سے سے آنے والی کال پر فوری طورپر عمل کیا گیا۔انہو ں نے کہا کہ عوام بجلی و پانی کے مسائل کے حل کے لیے ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کریں۔ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں، عوامی خدمت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود عوام پر امید ہیں، مسائل جلد حل ہونے کی توقع ہے۔ ایک او ر سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے، حکومت سے بارش سے متاثرین کے نقصانات کے ازالے کی اپیل کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں سے کئی افراد جاں بحق، متعدد زخمی، امدادی اقدامات تیز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ گورنرسندھ نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کیمپ لگائیں، متاثرین کی دلجوئی کریں اورمنصب پر بیٹھے افراد عوامی خدمت کو فرض سمجھ کر کردار ادا کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات