ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی، پینے کے پانی کے بحران پر قابو نہیں پایا جاسکا

ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے محروم ، شدیدگرمی میں لوگوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر

پیر 2 جون 2025 03:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء) ضلعی و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی عدم توجہی، ناقص حکمت عملی کے سبب گنجان آبادی والے علاقوں میں پینے کے پانی کے بحران پر قابو نہیں پایا جاسکا۔ ایک لاکھ سے زائد آبادی کو پانی فراہم کرنیوالے آدم شاہ واٹر ٹینک کی لائن میں کٹ لگانے کا انکشاف، ٹینک 50 فیصد ہی بھرتا ہے، ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے محروم رہتے ہیں، شدیدگرمی میں لوگوں کے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

اس سلسلہ میں یوسی 9نواں گوٹھ کے چیئرمین ذاکر بندھانی نے اپنے دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے کہ واٹر ورکس فیز فور سے آدم شاہ واٹر ٹینک کو پانی سپلائی کرنیوالی 16انچ قطر کی لائن میں پبلک اسکول ملازمین نے کٹ لگارکھا ہے، لائن اسکول کی زمین کے نیچے سے گزرتی ہے، اسکول کی اپنی موٹر خراب ہے، جسے درست کرانے کے بجائے آدم شاہ واٹر ٹینک کی پائپ لائن میں کٹ لگادیا ہے، جس کی وجہ سے ٹینک میں 50فیصد پانی کم آرہا ہے، مذکورہ ٹینک نواں گوٹھ، آدم شاہ کالونی، شمس آباد، واری تڑ سمیت اطراف کی رہائشی بستیوں کے کم و بیش ایک لاکھ سے زائد افراد کی ضرورت پوری کرتا ہے مگر ٹینک مکمل نہ بھرنے کی وجہ سے آدھی سے زیادہ آبادی یعنی ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے محروم ہیں۔

(جاری ہے)

شدید گرمی کے موسم میں لوگ دور دراز علاقوں سے پانی بھرکر لارہے ہیں۔ انہوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر آدم شاہ واٹر ٹینک کو اس کے حصہ کا مکمل پانی دیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوسکے بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :