یونیورسٹی آف سرگودھا میں ''ڈیووپس کے ذریعے انوویشن میں تیزی'' کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد

پیر 2 جون 2025 18:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر اور شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے تعاون سے''ڈیووپس کے ذریعے انوویشن میں تیزی'' کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ کو جدید صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کرنا اور سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے جدید رجحانات سے روشناس کرانا تھا۔

سی ڈی سی کی جانب سے مہارتوں کے فروغ اور طلبہ کی پیشہ ورانہ تیاری کے سلسلے میں جاری کوششوں کا حصہ یہ سیمینار ایک عملی نوعیت کا سیشن تھا جس میں شرکاء کو ڈیووپس کی بنیادی افادیت، اس کے اوزار، اور آئی ٹی آپریشنز و سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے مابین تعاون کے فروغ سے متعلق معلومات اور تربیت فراہم کی گئی۔

(جاری ہے)

ٹیکنالوجی انڈسٹری سے وابستہ ڈیزائن ایکسپرٹ سُندس زہرہ نے صارف مرکوز ڈیزائن اور جدید ترقیاتی طریقوں کے امتزاج سے ڈیووپس فریم ورک میں ''ڈیزائن تھنکنگ'' کے انضمام پر سیر حاصل گفتگو کی۔

ان کا لیکچر طلبہ کے لیے نہایت مفید اور عملی نوعیت کا تھا جس میں انہوں نے سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے بدلتے ہوئے منظرنامے کو سادہ اور موثر انداز میں پیش کیا۔سیمینار میں سافٹ ویئر انجینئرنگ کے طلبہ سمیت ٹیکنالوجی کے شوقین افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حقیقی دنیا میں ڈیووپس کے استعمال، کنٹینیوس انٹیگریشن، آٹومیشن، اور ایجائل طریقہ کار جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی، جو کہ آج کی تیز رفتار ڈیجیٹل دنیا میں سافٹ ویئر کی بروقت اور معیاری ترسیل کے لیے ناگزیر بن چکے ہیں۔سیمینار کے اختتام پرچیئرمین شعبہ سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈاکٹر محمد سمیر رضا نے سینئر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ سُندس زہرہ کو یادگاری شیلڈ اور سند پیش کی۔

متعلقہ عنوان :