کوہستان سکینڈل پر بیرسٹر سیف وہ چیک پیش کریں جو تیمور جھگڑا کی وزارت کے دوران جاری ہوئے ،عبدالجلیل جان

بیرسٹر سیف بارہ سالہ کرپشن نگران حکومت کے کھاتے میں ڈال کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ،ترجمان جے یوآئی کے پی

پیر 2 جون 2025 18:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)بیرسٹر سیف بارہ سالہ کرپشن نگران حکومت کے کھاتے میں ڈال کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ،کوہستان سکینڈل پر بیرسٹر سیف وہ چیک پیش کریں جو وزارت خزانہ سے تیمور جھگڑا کی وزارت کے دوران جاری ہوئے ۔ان خیالات کا اظہار جے یو آئی خیبر پختونخواہ کے ترجمان عبدالجلیل جان نے بیرسٹر سیف علی کی پریس کانفرنس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں کو چور چور کہنے والوں بڑی چوری پکڑی گئی ،ایک لاکھ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں اور صوبہ میں دودھ اور شہد کی نہریں بچھانے والوں کی پوری جماعت کرپشن کے سکینڈلز میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی مالم جبہ بلین ٹریز گندم سکینڈل صحت کارڈ غبن کے بعد کوہستان سکینڈل نے تحریک انصاف کا پردہ چاک کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود حکمران جماعت کے وزرا ء ایم پی اے انکشافات کرکے قوم کو بیر سٹر سیف کی پارٹی کے کرپشن کی کہانیوں سے آگاہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر صوبائی اسمبلی کی صدارت میں کوہستان سکینڈل پر ہونے والی براہ راست سماعت میں انکشاف کیا گیاکہ یہ چالیس ارب نہیں بلکہ دوسو ارب تک کرپشن ہوئی ہے اور تحریک انصاف کے دور میں ہوئی ہے ،بیرسٹر سیف جے یوآئی یا دیگر جماعتوں پر ملبہ پھینک کر اپنی چوری چھپا نہیں سکتے بیرسٹرسیف پریس کانفرنس کرنے کی بجائے کوہستان سکینڈل کے حوالہ سے کمیٹی میں پیش ہوکر ثبوت پیش کریں ۔انہوں نے کہاکہ قومی خزانے سے دھرنے کرنے والوں نے آٹھ کروڑ پنجاب ہائی کورٹ بار کو جاری کرکے صوبہ کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے بیر سٹر سیف انتظار کریں بہت جلد ان کی پارٹی کی دیگر چوریاں بھی سامنے آرہی ہیں۔