Live Updates

عید الاضحیٰ پر قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، خرم نواز گنڈاپور

پیر 2 جون 2025 18:58

عید الاضحیٰ پر قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ پر قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، قربانی کی برکت سے شرق تا غرب عالم اسلام مساوات کی عملی تصویر ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے اجتماعی قربانی مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے ایام اسلامی بھائی چارہ کی عظیم الشان روایات کے امین ہیں۔منہاج ویلفیئر فاونڈیشن ہزاروں خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائے گی۔حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق قربانی اور گوشت کی ترسیل یقینی بنانے کیلئے جدید سلاٹر ہائوس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

سینکڑوں رضاکار بروقت گوشت پہنچانے کا فریضہ انجام دیں گے۔قربانی کے بعد گوشت کو خصوصی تھرماپول ائرٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا اور جدید چلر گاڑیوں کے ذریعے مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ قربانی کے ایام کی برکت سے شرق کا غرب ہر مسلمان کے گھر ایک جیسا کھانا بنتا ہے جو اسلامی اخوت اور بھائی چارہ کی ایک عظیم مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ قربانی کرنے کے بعد جب گوشت غریبوں یتیموں اور مسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس میں صدقہ خیرات کا پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ گوشت رشتہ داروں، قرابت داروں میں تقسیم ہوتا ہے تو اس طرح رشتہ داروں کے حقوق کی پاسداری بھی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ منہاج ویلفیئر فائونڈیشن دینی روح کے مطابق اجتماعی قربانی کا اہتمام کرتی ہے۔اندرون و بیرون ملک مقیم افراد جو اپنی قربانیوں کیلئے اعتماد کرتے ہیں ان کے اعتماد پر پورا اترا جاتا ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :