سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈسٹرکٹ مقابلے شروع

پیر 2 جون 2025 22:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹرڈسٹرکٹ مقابلے پورے پنجاب میں شروع ہوگئے ، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس لاہور میں سمر گیمز انٹرڈسٹرکٹ مرحلے کا افتتاح ربن کاٹ کر کیا ، افتتاحی تقریب میں لاہور ، قصور ، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ کے 300سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔

ڈی جی سپورٹس خضرافضال چودھری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے تحصیل سطح پر ٹرائلز کے کامیاب انعقاد کے بعد آج انٹرڈسٹرکٹ مقابلے پنجاب کے تمام اضلاع میں شروع ہوگئے ہیں، انٹرتحصیل ٹرائلز میں قریب10ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا جو خوش آئند ہے ، انٹر ڈسٹرکٹ سے جیتنے والے کھلاڑی انٹرڈویژن مقابلوں میں حصہ لیں گے،جیتنے والے کھلاڑیوں کو سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے سکالرشپس دی جائیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں ہاکی ، کبڈی ، والی بال اور بیڈمنٹن کے مقابلے ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میںجیتنے والے کھلاڑی نیشنل گیمز میں بھی ہماری ٹیموں کا حصہ بن سکتے ہیں،5جون تک وزیراعلیٰ پنجاب انٹرڈسٹرکٹ مقابلے جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز ٹوبھی کروانے جارہے ہیں،جس میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کو دوگنا کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آسکیں ۔

افتتاحی تقریب میں ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کا کھلاڑیوں کے ساتھ تعارف کروایا گیا اورگروپ فوٹوز بنوائے گئے ،ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم نے ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری اور ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم کو سوینئر بھی پیش کیا،افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس راناندیم انجم،ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم ،ڈپٹی ڈائریکٹر یوتھ افیئرز شائستہ قیصر ، بلال اکرم، حفیظ بھٹی، صوفی عبدالستار ودیگر بھی موجود تھے۔

جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میںوزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز بیڈمنٹن کے مقابلے شروع ہوگئے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے مقابلے دیکھے اور کھلاڑیوں کے کھیل کے سراہا ، بیڈمنٹن ایونٹ کے افتتاحی روزٹیم ایونٹ میں بوائز کے پہلے مقابلے میں لاہور نے قصور کو3-0 سے شکست دے دی جبکہ دوسرے مقابلے میں شیخوپورہ نے سنسی خیز مقابلے کے بعد ننکانہ صاحب کو 3-2سے ہرادیا ، اسی طرح گرلز ٹیم ایونٹ میں لاہور نے قصور کو 3-0سے ہرادیا جبکہ شیخوپورہ نے ننکانہ صاحب کو 3-0سے شکست دے دی ، چیف منسٹر پنجاب سمر گیمز کے ہاکی ایونٹ میں لاہور نے قصور کو باآسانی 9-0سے شکست دیدی،لاہور کی جانب سے شارقہ نے 4، عالیہ منیر ، آمنہ ، عائزہ ، عروہ اور لاریب نے ایک ایک گول کیا۔