چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل

ثنا یوسف کو اسلام آباد کے علاقے جی-13 میں ان کے عزیزوں کے ہاں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کردیا

muhammad ali محمد علی پیر 2 جون 2025 23:30

چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون2025ء) چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثنا یوسف اسلام آباد میں قتل ۔ تفصیلات کے مطابق وفاق دارالحکومت اسلام آباد میں قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی ہے۔ چترال سے تعلق رکھنے والی معروف انفلوئینسر ثنا یوسف کو اسلام آباد میں قتل کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا ۔

ثنا یوسف کو تھانہ سنبل کی حدود میں اسلام آباد کے علاقے جی 13 میں ان کے عزیزوں کے ہاں نامعلوم ملزم نے گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور نے مقتولہ کے گھر میں گھس کر مقتولہ پر دو فائر کیے اور موقع سے فرار ہو گیا۔ 2 گولیاں لگنے کے باعث ثنا یوسف جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ثنا یوسف کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئنج سے تھا اور وہ مشہور سماجی کارکن اور تحریک تحفظ حقوق چترال کے سرگرم رُکن یوسف حسن کی صاحبزادی تھیں۔ مقتولہ نے نہایت کم عمری میں بطورِ کانٹنٹ کریئٹر نام کمایا اور انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں تھی۔ مقتولہ کا تعلق اپر چترال کے علاقے چوئینچ مستوج سے تھا، مرحومہ بچی کی آج سالگرہ تھی ۔

واقعے کے حوالے سے اسلام آباد پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ قتل کی اس واردات کی فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ہر پہلو سے اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم مقتولہ کا رشتہ دار ہے تاہم جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اطراف میں لگے کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے۔ پولیس نے ملزم کی تلاش کیلئے بھی فوری کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔