Live Updates

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں سکیورٹی، صفائی اور صحت کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی

منگل 3 جون 2025 15:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں سکیورٹی، صفائی اور صحت کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید سے قبل قربانی کے جانوروں کی نقل و حرکت کے باعث کانگو وائرس اور دیگر متعدی امراض سے بچاؤ کے لیے موثر اور فوری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک کو ہدایت کی کہ داخلی و خارجی راستوں پر جانوروں کی ویکسینیشن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بیماریوں کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔ کمشنر نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی کہ شہریوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے لیے بائیو ڈیگریڈایبل تھیلوں کی تقسیم کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی کی ذمہ داری میں اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ٹول فری نمبر پر رابطہ کریں۔

یہ ہدایات کمشنر آفس راولپنڈی میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینیشن) سید نذارت علی، سی او ہیلتھ ، سی او آر ڈبلیو ایم سی سمیت مری، اٹک، جہلم اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صفائی و ویسٹ مینجمنٹ پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں مجموعی طور پر 241 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جن میں 168 پرائمری اور 73 سیکنڈری (ٹرانسفر سٹیشن) پوائنٹس شامل ہیں۔

علاوہ ازیں آلائشوں اور کوڑا کرکٹ کی کلیکشن و ترسیل کے لیے 2,699 مشینری یونٹس اور 11,687 صفائی اہلکاروں کو مامور کیا گیا ہے جو مرحلہ وار ویسٹ کو ڈمپ سائٹس تک پہنچائیں گے۔ عید کے موقع پر صحت و صفائی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے تمام اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ شہری پرسکون اور صاف ستھری عید منا سکیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :