منڈی بہاوالدین ،ایف آئی اے کی چھاپہ مار کارروائی، ریڈ بک کا اشتہاری انسانی سمگلر گرفتار ، ترجمان ایف آئی اے

منگل 3 جون 2025 16:10

منڈی بہاؤالدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثہ 2024 میں ملوث ریڈ بک کے انتہائی مطلوب اور بدنام زمانہ انسانی اسمگلر محمد اشرف اقبال عرف اشرف سلیمی کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کو خفیہ اطلاع پر پھالیہ، منڈی بہاؤالدین میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف کمپوزٹ سرکل گجرات میں انسانی اسمگلنگ کے پانچ مقدمات درج ہیں۔

ملزم نے دسمبر 2024 کے المناک لیبیا کشتی حادثے میں کلیدی کردار ادا کیا، جس میں منڈی بہاوالدین کے علاقے ہیلاں سے تعلق رکھنے والے پانچ پاکستانی شہری جاں بحق ہو گئے تھے،گرفتار ملزم اشرف سلیمی نے پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر یورپ بھجوانے کے لیے فی کس 25 لاکھ روپے وصول کیے۔

(جاری ہے)

پانچ افراد سے مجموعی طور پر 1 کروڑ 25 لاکھ روپے ہتھیائے گئے۔

ملزم ان شہریوں کو لیبیا کے ذریعے کشتی کے راستے یورپ بھجوانا چاہتا تھا۔ تاہم، دورانِ سفر کشتی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں پانچوں افراد جان کی بازی ہار گئے،ترجمان ایف آئی اے مطابق ایف آئی اے نے معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے، جس کی سربراہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر نعیم اختر کریں گے۔جے آئی ٹی میں سب انسپکٹر اعجاز حسین، محمد ندیم اور ارتضیٰ انصر شامل ہیں، جب کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاء علی رضا وڑائچ قانونی معاونت فراہم کریں گے، گرفتار ملزم اشرف سلیمی طویل عرصے سے بہاولپور کے علاقے میں روپوش تھا اور ایف آئی اے کو اس کی تلاش تھی۔

اس کی گرفتاری کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ لیبیا کشتی حادثہ دسمبر 2024 میں پیش آیا تھا، جس میں درجنوں پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں، اس واقعے نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا تھا۔\378