وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کا دورہ:ہیلپ لائن سنٹر کا افتتاح کیا .عملے سے ملاقات۔ جدت پسندی کو سراہا

شہری سائبر کرائم سے متعلق شکایت پر 1799 پر کال کر سکتے ہیں: محسن نقوی کی سائبر کرائمز سے متعلق شکایات کے جلد ازالے کی ہدایت آرٹیفشل انٹیلی جنس کے دور میں این سی سی آئی اے جیسے اداروں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے،دن رات محنت کرکے ایجنسی کو موثر بنانا ہے، باصلاحیت عملے کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب۔ سٹاف کی کمی پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت این سی سی آئی اے کے تحت نیشنل سائبر سکاؤٹس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کی منظوری۔ پروگرام کے تحت سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کو سائبر کرائمز سے متعلق آگاہی اور تربیت فراہم کی جائے گی

منگل 3 جون 2025 17:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائمز انوسٹی گیشن ایجنسی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایجنسی کے ہیلپ لائن سنٹر کا افتتاح کیا اور عملے سے ملاقات کی۔ انہوں نے جدت پسندی کو سراہا۔وزیر داخلہ نے ہیلپ لائن سنٹر، فرانزک لیب، نیٹ ورک سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن مکمل فعال ہے، شہری سائبر کرائم سے متعلق شکایت پر 1799 پر کال کر سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے متعلقہ افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق شکایات کے جلد ازالے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے دور میں این سی سی آئی اے جیسے اداروں کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، موجودہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے این سی سی آئی اے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر کا مؤثر استعمال ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ بلاشبہ یہ ایک نیا ادارہ ہے، دن رات محنت کرکے اس ایجنسی کو موثر ترین بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے لیے نہ صرف باصلاحیت عملے کی خدمات حاصل کرنا ہوں گی بلکہ انہیں تمام ضروری سہولتیں بھی دینا ہوں گی۔ وزیر داخلہ نے این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کی عمارت کی اپ گریڈیشن کا پلان طلب کر لیا۔

وزیر داخلہ نے سٹاف کی کمی پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے این سی سی آئی اے کے نئے لوگو اور جھنڈے کی منظوری بھی دی۔ این سی سی آئی اے کے تحت نیشنل سائبر سکاؤٹس پروگرام کو دوبارہ بحال کرنے کی منظوری بھی دی گئی، اس پروگرام کے تحت سکولوں اور کالجوں کے طلباء و طالبات کو سائبر کرائمز سے متعلق آگاہی اور تربیت فراہم کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے وقار الدین سید نے ادارے کے امور پر وفاقی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔