حج کے دوران ڈرونز کے ذریعے دوائوں کی ترسیل دو سال کی انتھک تحقیق کا نتیجہ ،سعودی وزیر صحت

بدھ 4 جون 2025 10:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) سعودی عرب کے وزیر صحت فہد الجلال نے کہا ہے کہ حج کے دوران ڈرونز کے ذریعے دوائوں کی ترسیل دو سال کی انتھک تحقیق اور تجربے کا نتیجہ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے عرب نیوز کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا مقصد حج سیزن کے دوران بڑی سطح پر دوائیں ضرورت مندوں تک پہنچانا ہے، زمینی راستوں سے دواؤں کو پہنچانے میں 90 منٹ درکار ہوتے ہیں لیکن ڈرونز کے ذریعے یہ کام محض چھ منٹ میں ہو جاتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے دواؤں کو ضرورت کی جگہ پر پہنچانے کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہو جائیں گی بالخصوص مقاماتِ مقدسہ میں انسانی ہجوم یا گاڑیوں کی وجہ سے جو تاخیر ہوتی تھی وہ بہت حد تک گھٹ جائے گی۔

(جاری ہے)

فہد الجلال نے توقع ظاہر کی کہ اس سال 12 لاکھ پچاس ہزار عازمین حج اس اہم عبادت میں شریک ہوں گے جو 4 سے 9 جون تک جاری رہے گی۔

وزیرِ صحت نے کہا کہ مقاماتِ مقدسہ میں درجۂ حرات ناقابلِ برداشت حدتک زیادہ ہو جاتا ہو اور ادویات کو شدیدگرمی سے نقصان پہنچ سکتا ہے اس لئے یہ اہم پہلو مدِ نظر رکھتے ہوئے کئی بار نظام کی آزمائش کی گئی اور چیک کیا گیا کہ دواؤں کو نقصان تو نہیں ہوا،اس مقصد کے لئے جو ڈرون استعمال میں لائے جائیں گے وہ جہاں ٹھنڈک چاہیے ہوگی وہاں ٹھنڈک پہنچانے کے انتظام سے لیس ہیں، پرواز اور زمین پر اترنے کے دوران کئی مرتبہ ان ڈرونز کی آزمائش کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت میں جامع طبی سہولتوں کی فراہمی کے نظام میں جو بنیادی تبدیلیاں آ رہی ہیں ڈرونز کا استعمال ان میں سے ایک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس وژن کے تحت مملکت میں جو اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں ان میں مقامی افراد اور سیاحت کے لیے آنے والوں کو اعلیٰ طبی امداد پہنچانے کا بندوبست شامل ہے،اس بنیادی تبدیلی کا ایک قابلِ ذکر کارنامہ صحتی ورچوئل ہسپتال کا قیام ہے جو گینز کے عالمی ریکارڈ کے مطابق دنیا میں سب سے بڑا ایسا انتظام ہے۔

فہد الجلال نے کہا کہ یہ ورچوئل ہسپتال جو مملکت کی صحتی نامی ہیلتھ ایپ سے منسلک ہے 200 ہسپتالوں کے لیے کام کرتا ہے اور سعودی عرب میں ہر شخص کے لئے دستیاب ہے۔وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ مملکت روبوٹک سرجری، سٹروک کے فوری علاج اور صحتِ عامہ کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے جو صحت کے شعبے کو ڈیجیٹائز کرنے کے سنجیدہ رجحان کی عکاسی کرتی ہے،یہ تجربات دیگر ممالک کے لئےبھی تحریک کا باعث بن رہے ہیں اور وہ ان سے کچھ نہ کچھ سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ صحت عالمی چیلنجز پر نظر رکھے گی اور ان کے لئے قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے مناسب حل فراہم کرے گی، آئندہ برسوں میں حجاج جدید ٹیکنالوجیوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ دیکھیں گے۔