پرمٹ کے بغیر حج کی کوشش کرنے والے مقیمین کو ملک بدر کر دیا جائے گا، سعودی وزارت داخلہ

بدھ 4 جون 2025 11:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) سعودی وزارتِ داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ مملکت میں مقیم ایسے غیر ملکی جو حج کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کیے بغیر مناسکِ حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے، انھیں سعودی عرب سے بے دخل کر دیا جائے گا اور اُن پر مملکت میں داخلے پر آئندہ 10 سال تک پابندی عائد کر دی جائے گی۔العربیہ اردو کے مطابق وزارت نے واضح کیا ہے کہ باقاعدہ اور ریگولر حج پرمٹ کا حصول حج کی ادائیگی کے لیے بنیادی شرط ہے۔

(جاری ہے)

وزارتِ داخلہ نے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط و ہدایات کی مکمل پابندی کریں، کیونکہ یہ ضوابط حجاج کرام کے امن و سلامتی کو یقینی بنانے اور اُنہیں سکون و سہولت کے ساتھ مناسک ادا کرنے کا موقع دینے کے لئے وضع کئے گئے ہیں نیز ان ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دینے کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور الشرقیہ صوبوں میں 911 اور سعودی عرب کے دیگر صوبوں میں 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔