وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا، بیرسٹر سیف

دہشتگردی پورے ملک کا مسئلہ ،صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا وفاق کیلئے نقصان دہ ہے،بیان

بدھ 4 جون 2025 13:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے پشاور جرگے میں صوبے کے حقوق کا مقدمہ کامیابی سے لڑا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاقی قیادت کو ایک بار پھر ضم اضلاع کے فنڈز کی منتقلی اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے حوالے سے آگاہ کیا، امید ہے اب وفاقی حکومت ضم اضلاع کے فنڈز جلد صوبے کو منتقل کرے گی، ضم اضلاع اب خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ ہیں، اس لئے فنڈز کی منتقلی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کی منتقلی میں تاخیر ضم اضلاع کی ترقی میں رکاوٹ ہے، ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ وفاق اور صوبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ضم اضلاع کی ترقی دہشت گردی کے خاتمے کی ضمانت ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گردی صرف خیبرپختونخوا کا نہیں، پورے ملک کا مسئلہ ہے، نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات بھی فوری ادا کئے جائیں، ایک صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا وفاق کے لئے نقصان دہ ہے۔