Live Updates

ایس ای سی پی کا فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کارپوریٹ لیگل فریم ورک پر بینکنگ کورٹ کے ججوں کے لیے خصوصی تربیت کا انعقاد

بدھ 4 جون 2025 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) ایس ای سی پی نے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی (ایف جے اے) کے اشتراک سے بینکنگ کورٹ کے ججوں کے لیے پاکستان کے کارپوریٹ قانونی فریم ورک پر اپنی نوعیت کے پہلے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا۔ یہ تین روزہ تربیتی پروگرام 2 سے 4 جون 2025ء تک ایف جے اے میں منعقد ہوا جو عدالتی صلاحیت میں اضافے اور ریگولیٹری و عدالتی ہم آہنگی کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شرکت کرنے والے ججوں کو باضابطہ طور پر ان مقدمات کی سماعت کے لیے نامزد کیا گیا ہے جو ایس ای سی پی کی زیر نگرانی قوانین کے تحت شروع کیے جاتے ہیں۔ ان مقدمات میں وائٹ کالر کرائم، مالیاتی دھوکہ دہی، ضوابط کی خلاف ورزیاں اور کمپنیز ایکٹ 2017 اور سکیورٹیز ایکٹ 2015 جیسے قوانین کے تحت جرائم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں ان ججوں کا کردار قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور پاکستان کے کارپوریٹ و مالیاتی شعبوں میں اعتماد کو فروغ دینے کے لیے نہایت اہم ہے۔یہ ٹریننگ جامع انداز میں ترتیب دی گئی تھی، جو ایس ای سی پی کے کمشنرز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور سینئر ماہرین نے فراہم کی۔ تربیتی سیشنز میں مختلف موضوعات شامل تھے ، جیسے کمپنی کی رجسٹریشن، لائسنسنگ کے نظام، مالیاتی رپورٹنگ، کیپیٹل مارکیٹ سے متعلق جرائم، تحقیقاتی اختیارات اور ابھرتے ہوئے ریگولیٹری چیلنجز۔

فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی نے اس ٹریننگ کو موثر اور عدلیہ کی بدلتی ہوئی پیشہ ورانہ ضروریات کے مطابق بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پروگرام کا اختتام سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے ہوا جس کے مہمان خصوصی سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تھے۔یہ اقدام ایس ای سی پی کے عدالتی عمدگی کے فروغ اور موثر قانونی کارروائی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ ایک باخبر، اشتراکی اور متحرک نفاذی نظام کی بنیاد بھی رکھتا ہے ،جہاں ریگولیٹرز اور عدالتیں ایک جدید اور پیچیدہ مالیاتی ماحول میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے باہم ہو کر کام کرتی ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات