ّگوجرانوالہ پریس کلب کے انتخابات میں پروفیشنل فائونڈرگروپ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد

بدھ 4 جون 2025 22:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جون2025ء) لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے گوجرانوالہ پریس کلب کے الیکشنز میںپروفیشنل فائونڈر گروپ کی کامیابی پر نومنتخب صدر راناانصر شہزاد اور ان کی کابینہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔

گوجرانوالہ پریس کلب کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات منعقد ہوئے جس میںپروفیشنل فائونڈر گروپ اور ورکرز جرنلسٹ گروپ نے بھرپور حصہ لیا ۔ سارا دن خوشگوار ماحول میں الیکشن کا عمل پایہ تکمل تک پہنچا اور صحافیوں کا جذبہ اور اتحاد قابل دید رہا۔ گوجرانوالہ پریس کلب انتخابات میں 343 ووٹرز میں سے 301 ممبران نے اپنے ووٹ کاحق استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

صدارتی سیٹ کے لئے پروفیشنل فائونڈر گروپ کے امیدوار رانا انصر شہزاد نے 266 جبکہ ان کے مقابلے پر ندیم شیخ نے 27 ووٹ حاصل کئے۔

سینئر نائب صدر کی سیٹ پر شفقت عمران نے 265 جبکہ ان کے مقابل ملک یعقوب نے 13 ووٹ حاصل کئے ۔ نائب صدر کی دو سیٹوں کے لئے نعمان راشد میر نے 246 ووٹ،بلال شفیق جنجوعہ نے 240 ووٹ جبکہ میاں اعجاز نے 27 اور فیصل کھوکھر نے 16 ووٹ حاصل کئے ۔جنرل سیکرٹری کی سیٹ پر سردار محمد ذیشان طاہر نے 254 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مقابل رانا نوید گلریز نے 35 ووٹ حاصل کئے ۔

جوائنٹ سیکرٹری کی سیٹ پر راجہ ماجد جہانگیر نے 271ووٹ جبکہ سفارش علی باجوہ نے 18 ووٹ حاصل کئے۔ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر فہد بشیر جرال نے 246 ووٹ جبکہ ان کے مقابل قیصر ڈار نے 42 ووٹ حاصل کئے ۔ سیکرٹری اطلاعات کی سیٹ پر محمد ندیم ڈار نے 259 ووٹ جبکہ شیراز شاہ نے 24 ووٹ حاصل کئے ۔ انتخابات میں 24 اراکین گورننگ باڈی بلامقابلہ منتخب ہوئے جن میں محمد اقبال مرزا، محمد شفیق، فرمان راشد میر، رانا محسن خالد ، تاثیرمغل، جواد یوسف ، عبدالخالق ، حاجی ٹیپوسلطان ، شبیر حسین ، فیصل مغل ، سکندر حیات ، شہباز احمد ، محمد اکرملک ، محمد اعظم بٹ ،کاشف مہاجر خان ، ڈاکٹر جاوید اکرم ، ڈاکٹر عمر نصیر ، راجہ صہیب الرحمان ، حافظ عرفان ، لالہ عمران ، شان بیگ ، عثمان لطیف، مظہر ملک اور غلام فرید سندھوشامل ہیں۔

گوجرانوالہ پریس کلب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے شاندار اور پرامن الیکشن کے انعقاد پر صدر ارشد انصاری نے اپنے پیغام میں کہاکہ صحافیوں میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، ملک میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ملک کے تمام شہروں کے صحافیوں کو یکجان ہونے کی اشد ضرورت ہے تاکہ موجودہ دورکے چیلنجز سے نپٹاجاسکے۔ انھوںنے گوجرانوالہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ شعبہ صحافت سے منسلک صحافیوں اور ورکروں کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا بہترین کردار ادا کریں گے۔