حج سیزن کے لیے مشاعر مقدسہ میں بجلی کی گنجائش میں 75 فیصد اضافہ

جمعرات 5 جون 2025 10:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) سعودی عرب کی بجلی سپلائی کی ذمہ دار کمپنی ’’السعودیہ الیکٹرک ‘‘نے حج 1446ھ کے لئے مشاعر مقدسہ میں بجلی کے نظام کی گنجائش میں 75 فیصد سے زائد اضافہ کیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق "السعودیہ الیکٹرک" میں حج پلان کے نگرانِ اعلیٰ انجینئر عبدالسلام العمری نے بتایا ہے کہ اس توسیع کا مقصد حج کے دوران عازمین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور اس کے لئے تین ارب ریال سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خادم حرمین شریفین کی ہدایات اور سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز کی براہِ راست رہنمائی پر اٹھائے گئے۔

(جاری ہے)

کمپنی نے گزشتہ حج سیزن کے نتائج اور فنی ضروریات کا جائزہ لے کر رواں سال کے منصوبے ترتیب دیئے جو بروقت مکمل کر لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے مشاعر مقدسہ کے تمام علاقوں میں جلد نافذ کر د یئےگئے اور انہیں مکمل طور پر بجلی کے لوڈ سے منسلک کر دیا گیا، جس سے نیٹ ورک کی مضبوطی اور استحکام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مشاعر مقدسہ میں بجلی کے نظام کی نگرانی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے مکمل نگرانی ممکن ہو گئی ہے۔ برقی آلات کو فائبر آپٹک نیٹ ورک سے جوڑ کر معلومات کی تیز فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، جس سے فوری اور درست فیصلے لیے جا سکتے ہیں۔ اس سارے نظام کو سعودی ماہرین چلا رہے ہیں جنہیں جدید ترین توانائی مینجمنٹ سسٹمز پر تربیت دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متبادل پلان بھی تیار ہے اس مقصد کےلئے2200 سے زائد انجینئرز، فنی ماہرین اور عملہ 57 مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جن کی جغرافیائی تقسیم اس طرح کی گئی ہے کہ کسی بھی مقام تک پانچ منٹ سے کم وقت میں پہنچا جا سکے۔ انجینئر عبدالسلام العمری نے کہا کہ حج کی تیاریوں کا آغاز ہر سال حج ختم ہوتے ہی ہو جاتا ہے۔

اس میں بجلی کے نظام کے تمام راستوں کی جانچ، 50 ہزار سے زائد برقی آلات کی جانچ اور مرمت شامل ہے جو وزارت توانائی کی براہِ راست نگرانی میں انجام پاتی ہے۔ 24 اور 29 ذی القعدہ کو مکمل سسٹم کے دو اہم ٹیسٹ بھیکئےجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ تمام میٹرز اور فیلڈ چیکنگ کا عمل سعودی اتھارٹی برائے توانائی ریگولیشن کی سخت نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی خرابی یا خلاف ورزی نہ رہ جائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ حج سیزن میں مشاعر مقدسہ میں بجلی کے استعمال کا تاریخی ریکارڈ قائم ہوا جو 454 میگاواٹ تک پہنچا۔ رواں سال یہ بوجھ 20 سے 30 فیصد مزید بڑھنے کا امکان ہے، جس کے لیے پوری تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔