دوبارہ گرفتاری کا خوف، ملیر جیل سے فرار قیدی نے خود کشی کرلی

گھر سے پھندہ لگی لاش برآمد، قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے جس کے خلاف عیدگاہ تھانے میں مقدمہ درج تھا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 5 جون 2025 12:34

دوبارہ گرفتاری کا خوف، ملیر جیل سے فرار قیدی نے خود کشی کرلی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک قیدی کی گھر سے پھندہ لگی لاش مل گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد کے علاقہ ماڑی پور میں ایک گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی، دوباری جیل جانے کے خوف سے خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی تھا، قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے جو عیدگاہ تھانے میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہونے کے بعد سے ملیر جیل میں قید تھا، جو چند روز قبل قریفیوں کے جیل سے فرار کے واقعے کے بعد گھر پہنچا جس کی دوبارہ گرفتاری کے لیے اہل خانہ آج اسے سٹی کورٹ لے کر جانے والے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ رضا کے خلاف 30 مارچ 2022ء کو عیدگاہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا، رضا ان قیدیوں میں شامل تھا جو چند دن پہلے ملیر جیل سے فرار ہوئے تھے، فرار ہونے کے بعد رضا روپوش تھا اور اب ماڑی پور کے ایک مکان سے اس کی پھندے سے لٹکی ہوئی لاش مل گئی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ چند روز قبل زلزلوں کے جھٹکوں کے دوران ملیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوئے جن کی مجموعی تعداد 214 بتائی گئی، مفرور قیدیوں میں سے اب تک 119 کو دوبارہ گرفتار کرکے جیل واپس منتقل کیا جا چکا ہے تاہم 95 قیدی تاحال مفرور ہیں، واپس آنے والے اکثر قیدیوں کوان کے گھر والوں نے خود واپس جیل پہنچایا، اسی دوران ملیر جیل سے فرار بیٹے کو لے کر ماں واپس جیل پہنچی اور اپنے ہاتھوں سے جیل حکام کے حوالے کیا۔

اس موقع پر والدہ نے کہا کہ بیٹا 3 بجے گھر پہنچا اور بتایا جیل سے بھاگ آیا ہوں جس پر میں اپنے بیٹے کو لے کر واپس ملیر جیل پہنچ گئی اور خود اسے جیل حکام کے حوالے کردیا کیوں کہ میرا بیٹا بے گناہ ہے، اسے موبائل میں ایک دوست کے ساتھ تصویر ہونے کی وجہ سے سزا سنائی گئی، جس کے بعد سے بیٹا چوری کے جرم میں 6 ماہ سے قید کاٹ رہا ہے اور جب وہ گھر پہنچا تو میں اسے پیدل ہی لے کر جیل آگئی اور اسے کہا کہ جیل سے نہ بھاگو ورنہ یہ تمہیں گولی سے اڑا دیں گے۔