Live Updates

پچھلے سال کی نسبت لیموں، سبزیوں اور اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں کمی ہوگئی

سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ میں بہتری سے عید کیلئے مارکیٹ میں وافر سبزیاں پہنچ گئیں، وزیراعلی مریم نواز کا اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں کمی کے رحجان پر اظہار اطمینان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 جون 2025 18:53

پچھلے سال کی نسبت لیموں، سبزیوں اور اشیاء خوردونوش کے نرخوں میں کمی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 جون 2025ء ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اشیاء خوردونوش کے نرخ میں کمی کے رحجان پر اطمینان کا اظہار کیاہے- صوبہ بھر میں ٹماٹر،پیاز،دھنیا،پودینا، لیموں، لہسن، ادرک، مرچ، آلو سمیت دیگر سبزیاں سستی ہوگئیں - پچھلے سال کی نسبت لیموں کی قیمت 85 روپے، ہری مرچ میں 10، ادرک 60 ، پودینا، دھنیا کے نرخ کم ہے۔

آلو 15روپے، پیاز75روپے،ٹماٹر 5 روپے، دیسی لہسن 75 روپے، چائنہ لہسن 55 روپے، ادرک کے نرخ میں 25 روپے کمی ہوئی ہے- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ میں بہتری،عید کے لئے زیادہ سبزیاں پہنچ گئیں۔ لاہور میں آلو،پیاز کے 30 اضافی ٹرک،ٹماٹر کے 13، ادرک کے2، لہسن کے 6، ہری مرچ کے 7 اورلیموں کے 3 ٹرک پہنچ گئے-دال چنا، ماش، مسور، کالا چنا، بیسن اوردیگر دالوں کے نرخ میں بھی 30روپے تک کمی ہوئی ہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے 9 ضروری سبزیوں کے کم نرخ برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دیاہے- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر اوردیگر انتظامیہ کو نرخ کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عید الاضحی پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم دیا ہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مویشی منڈیو ں میں بھی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں ٹریفک کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا اورلاہور،ملتان اوردیگر بڑے شہروں میں مویشی منڈیوں کے قریب ٹریفک مینجمنٹ کی ہدایت کی-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہر شہر میں ٹرانسپورٹ کے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور بسوں کی ونڈ سکرین پر کرائے نامے،فٹنس سر ٹیفکیٹ چسپا ں کرنے کی ہدایت کی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے زائد کرائے واپس کرانے اوروصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیاہے- وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے لائیوسٹاک حکام کو مویشی منڈیوں میں موجودگی یقینی بنانے، انتظامیہ اورپولیس افسران کو فیلڈ میں موجودرہنے کی ہدایت کی- صوبائی، ڈویژنل،ضلعی اور تحصیل سطح پر صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ اور متواتررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات