Live Updates

گرینائٹ ،ماربل ،قیمتی پتھروں کی صنعت میں پاکستان کا قرضہ اتارنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، خادم حسین

جمعرات 5 جون 2025 13:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ گرینائٹ، ماربل اور دیگر قیمتی پتھروں کی صنعت سے استفادہ کیلئے جامع پالیسی کی ضرورت ہے ،قیمتی پتھروں کی خام مال کی صورت میں برآمد پر فی الفور پابندی عائد کی جائے ۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کے قیمتی ذخائر انتہائی کم قیمت پر فروخت کئے جارہے ہیں جس سے قومی خزانے کو کسی طرح کا فائدہ نہیں ہو رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ گرینائٹ، ماربل اور دیگر قیمتی پتھروں کی خام مال کی صورت میں برآمد پر فوری پابندی لگائی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسے باضابطہ صنعت کا درجہ دے کر اس کے لئے موثر پالیسی بنائے ۔ خادم حسین نے کہا کہ اگر حکومت توجہ مرکوز کرے تو یہ صنعت برآمد ی فہرست میں ایک بڑا اضافہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کا قرضہ چند سالوں میں اتارا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی پتھروں کے حوالے سے بھیجی گئی جامع تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جائے جس سے قیمتی پتھروں کی صنعت کی ترقی میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات