Live Updates

وفاقی حکومت کا بجٹ میں کراچی کے مختلف منصوبوں کیلئے فنڈز رکھنے کا فیصلہ

جمعرات 5 جون 2025 14:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)وفاقی حکومت نے بجٹ میں کراچی کے مختلف منصوبوں کے لیے فنڈز رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے 50 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔بجٹ تجاویز سے متعلق سرکاری دستاویز میں آپریشنل گرین لائن بی آرٹی کراچی کے لیے 18 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ،کراچی میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی و فراہمی آب کے مختلف منصوبوں کیلیے فنڈز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق ضلع غربی کراچی میں انفرااسٹرکچرکی بحالی کے لیے 10کروڑ روپے، ناظم آباد اور لیاقت آباد میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے 12 کروڑ روپے، لانڈھی، زمان آباد، کورنگی ٹائون میں سڑکوں، فراہمی و نکاسی آب کے منصوبے اور کھیل کے میدانوں کے لیے 11کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

(جاری ہے)

دستاویز میں ضلع وسطی کراچی میں پاک ایشین فٹ بال گراؤنڈ کے لیے تقریباً 10کروڑروپے، ضلع کورنگی، ملیر میں سڑکوں، گلیوں اور نکاس آب کے منصوبوں کے لیے 5 کروڑ روپے، ضلع شرقی کراچی میں وفاقی منصوبوں کیلئے 10کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ضلع جنوبی وغربی میں کے ایم سی کے منصوبوں کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ ضلع وسطی کراچی کی مختلف یونین کونسلز کے منصوبوں کے لیے بھی7 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :