جعلی بیجوں کے خلاف کسانوں اور وکلا کا مشترکہ احتجاج

اسسٹنٹ کمشنر کے رویے پر شدید نعرے بازی، کسان انصاف کے متلاشی

جمعرات 5 جون 2025 14:53

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)کسان اتحاد رجسٹرڈ اور وکلا برادری نے اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر کے مبینہ نامناسب رویے،دفتر میں نہ بیٹھنے اور کسانوں کے مسائل حل نہ کرنے اور جعلی بیجوں کی فروخت ، محکمہ زراعت کی کارکردگی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرے میں کسانوں نے زور دار نعرے بازی کی اور مکئی کی فصل برباد ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ انٹرنیشنل کمپنیوں کے نام پر جعلی اور ناقص بیج فروخت کیے جا رہے ہیں، جس سے فصل خالی نکل رہی ہے، لیکن متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کسان رہنمائوں کا کہنا تھا کہ جعلی بیج بنانے والے مافیا کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔احتجاج میں کسان اتحاد کے صوبائی جنرل سیکرٹری ملک یسین جھجھ، نائب صدر پنجاب میاں اللہ نواز وٹو، وکلا فورم کے ضلعی صدر مرزا سکندر حیات ایڈووکیٹ، مرکزی ترجمان ملک عمران جھجھ، مہر جہانگیر فیض، سردار عامر خان جندران، کامران نواز، اور عباس جٹ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے اعلان کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار تحصیل سے ضلعی سطح اور پھر صوبہ بھر میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسانوں کے ساتھ ناانصافی اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔