Live Updates

کوہستان لوئر، ڈی ایس پی کی شہید کانسٹیبل ہدایت الرحمان کے اہلخانہ سے ملاقات، عید تحائف دیئے

جمعرات 5 جون 2025 16:08

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) ڈی پی او کوہستان لوئر تیمور خان کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او سرکل بنکڈ رانولیا اورنگزیب خان نے شہید کانسٹیبل ہدایت الرحمان کے آبائی گاؤں ڈھوڈیال (ضلع مانسہرہ) کا دورہ کیا۔ کوہستان لوئر پولیس کے مطابق اس موقع پر انہوں نے شہید کے بیٹے اور اہلخانہ سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے تحائف پیش کیے۔

ایس ڈی پی او نے شہید کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ وہ اکیلے نہیں، بلکہ پوری پولیس فورس ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ڈیسک جیسی سہولیات ان کے لیے ہی قائم کی گئی ہیں تاکہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اس دورے کا مقصد نہ صرف شہید کے لواحقین کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا بلکہ یہ باور کرانا بھی تھا کہ پولیس فورس اپنے ہیروز اور ان کے خاندانوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

ایسے اقدامات نہ صرف ورثاء کے دلوں کو تسلی دیتے ہیں بلکہ معاشرے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا مثبت تاثر بھی اجاگر کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مستقل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور عید جیسے مواقع پر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اس عزم کا مظہر ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پولیس کی جانب سے اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ایسے ملاقاتوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ شہداء کے خاندانوں کو ہمیشہ ادارے کی سرپرستی کا احساس حاصل رہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات