وکٹری پریڈ میں بھگدڑ سے مرنیوالوں کی ذمہ دار رائل چیلنجرز بنگلور قرار، کوہلی کی فرنچائز پر ایف آئی درج

مقدمے میں ایونٹ مینجمنٹ کمپنی اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامی کمیٹی بھی نامزد

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 6 جون 2025 11:52

وکٹری پریڈ میں بھگدڑ سے مرنیوالوں کی ذمہ دار رائل چیلنجرز بنگلور قرار، ..
بنگلورو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جون 2025ء ) آئی پی ایل 2025ء کا ٹائٹل جیتنے والی رائل چیلنجرز بنگلورو کی جیت کے جشن میں بھگدڑ سے لوگوں کی ہلاکت کا مقدمہ فرنچائز اور دیگر کے خلاف درج کرلیا گیا۔ 
بنگلورو میں بھگدڑ کے حوالے سے مجرمانہ غفلت پر کیوبن پارک پولیس اسٹیشن میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی)، ایونٹ مینیجر ڈی این اے، کے ایس سی اے انتظامی کمیٹی اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، 11 افراد کی موت کے سلسلے میں انھیں مجرمانہ غفلت کا ذمہ دار کہا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

 
ریاست کرناٹکا کی حکومت نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا کہ بھگدڑ کیس کو کریمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کو منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ 
آر سی بی کے آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں چناسوامی اسٹیڈیم کے قریب 2.5 لاکھ سے زیادہ لوگ جیت کا جشن منانے جمع ہوئے تھے۔ 
بنگلورو سٹی پولیس کے 1,380 اہلکاروں کے ساتھ ساتھ 13 کے ایس آر پی پلاٹون (325 اہلکار) کو بھی تعینات کیا گیا تھا تاہم شدید بھیر کے باعث بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور 56 افراد زخمی ہوئے تھے۔