پاکستان میں ایشین کرکٹ کے میڈیا رائٹس 5.2 ملین ڈالرز میں فروخت

ایشیاء کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں ہو گا، اس میں 19 میچز کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اگست 2025 11:54

پاکستان میں ایشین کرکٹ کے میڈیا رائٹس 5.2 ملین ڈالرز میں فروخت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2025ء) پاکستان میں ایشین کرکٹ کے میڈیا رائٹس 5.2 ملین ڈالرز (تقریبا ڈیڑھ ارب روپی) میں سرکاری ٹی وی کو فروخت کر دیئے گئے۔
ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک یو اے ای میں ہو گا، اس میں 19 میچز کھیلے جائیں گے، فائنل میں رسائی کی صورت میں 3 پاک بھارت مقابلے متوقع ہیں، گزشتہ برس ایشین کرکٹ کونسل کے 2024ء سے 2031ء تک 8 سالہ میڈیا رائٹس 170 ملین ڈالرز (تقریباً 47 ارب 26 کروڑ پاکستانی روپی) میں سونی انڈیا کو فروخت کیے گئے تھے۔

اس میں مینز، ویمنز کے 4،4 ایشیا کپ اور ایمرجنگ سمیت 119 میچز شامل ہیں، بھارتی براڈ کاسٹر نے 2 ایشیا کپ کیلئے پاکستان میں 12 ملین ڈالرز طلب کیے، دوڑ میں موجود تینوں میں سے کوئی بھی چینل اتنی بڑی رقم دینے پرآمادہ نہیں تھا۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق مارکیٹ ان دنوں اتنی بڑی نہیں کہ بھاری سرمایہ کاری پر منافع کما سکیں، چینلز میں کنسورشیم بنانے پر بھی بات ہوئی تھی البتہ گزشتہ روز بڑی پیش رفت سامنے آئی جب سرکاری ٹیلی ویژن نے 2025ء سے 2027ء تک کے ایشیائی کرکٹ براڈ کاسٹنگ رائٹس 5.2 ملین ڈالرز (تقریبا ڈیڑھ ارب روپے) میں حاصل کر لیے۔

سونی کی 2 نجی چینلز سے بھی بدستور بات چیت جاری ہے جو ملکر رائٹس خرید سکتے ہیں، بھارتی براڈ کاسٹر 5 ملین ڈالرز تک حاصل کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں ڈیجیٹل رائٹس کا معاہدہ پہلے ہی ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ اے سی سی میڈیا رائٹس میں پاکستان سے شیئر تقریباً 25 فیصد (42.5 ملین ڈالرز) تک ہوتا ہے، ڈیجیٹل رائٹس الگ ہیں، بیشتر رقم بھارت سے آتی ہے۔