لیجنڈز لیگ: پاکستان چیمپئنز کے مالک نے پی سی بی کی پابندی مسترد کردی

کوئی بھی ہمیں اپنے ملک کا نام استعمال کرنے سے نہیں روک سکتا : کامل خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 اگست 2025 11:29

لیجنڈز لیگ: پاکستان چیمپئنز کے مالک نے پی سی بی کی پابندی مسترد کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2025ء ) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز کے مالک نے پی سی بی کی پابندی کو رد کردیا۔ 
کامل خان سابق پاکستانی کپتان وقار یونس کے برادر نسبتی اور آسٹریلوی شہری ہیں، حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلینڈ میں کھیلی گئی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

 
 اس پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان چیمپئنز کے مالک کامل خان نے کہا کہ میں نے رپورٹس دیکھیں کہ ہماری ٹیم کو سپورٹ نہیں کیا جائے گا، یہ بات کہاں سے آئی، اگر ایسا پی سی بی نے کہا تو معلوم نہیں کہ وجہ کیا بنی، یہ ہماری ٹیم ہے اور میں اس کا مالک ہوں، یہ پی سی بی کی ٹیم نہیں ہے۔ 
کامل خان نے کہا کہ کوئی بھی ہمیں اپنے ملک کا نام استعمال کرنے سے نہیں روک سکتا، ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستانی پلیئرز کی شمولیت پی سی بی کی اجازت سے ہوئی، ہمیں اس حوالے سے بورڈ کی مکمل حمایت حاصل تھی۔

(جاری ہے)

 
انہوں نے بتایا کہ ایونٹ سے پہلے ہی این او سی بھی حاصل کیے گئے تھے، ہماری چیئرمین محسن نقوی سے مثبت میٹنگ ہوئی تھیں، ہم نے ٹیم کا نام ملک کی نمائندگی کیلیے منتخب کیا، ہم نے پی سی بی کا لوگو یا اس کی کسی بھی قسم کی برانڈنگ استعمال نہیں کی، صرف ان کے پلیئرز کی خدمات حاصل کیں اور وہ بھی اس وقت جب ہمیں اس کی آفیشل کلیئرنس ملی۔