حافظ آباد، خاوند کے سامنے خاتون سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان مارے گئے

جریاں کے قریب اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو بلڈنگ میں موجود ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 6 جون 2025 12:36

حافظ آباد، خاوند کے سامنے خاتون سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان مارے گئے
حافظ آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 جون 2025)حافظ آباد کے علاقہ مانگٹ اونچا میں خاوند کے سامنے خاتون سے اجتماعی زیادتی  کرنے والے  3 ملزمان مارے گئے،بتایا گیا ہے کہ واقعہ کوٹ نانک نہر پل کے قریب پیش آیا جہاں مسلح ملزمان اور پولیس کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا،سی سی ڈی پولیس کے مطابق اطلاع پر جریاں کے قریب اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ایک بلڈنگ میں موجود ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس نے بھی اپنے دفاع میں فائرنگ کی اس دوران اجتماعی زیادتی کے تین ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق ملزم لائیق اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ لائیق اس چار رکنی گروہ کا حصہ تھا جس نے ایک خاتون کو اس کے شوہر کے سامنے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور دونوں میاں بیوی کی برہنہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع کاکہناہے کہ ہلاک ملزم لائیق کو ماضی میں انچارج چوکی حمید پورہ نے مبینہ طور پر ایک لاکھ چالیس ہزار روپے رشوت لے کر گرفتار کرنے کے باوجود چھوڑ دیا تھا۔ واقعے کے بعد عوامی ردعمل کے پیش نظر انچارج چوکی کاشف وڑائچ اور ڈی پی او آفس میں تعینات لیگل انسپکٹر منیب مانگٹ کے خلاف مقدمہ درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی حافظ آباد میں تھانہ کسوکی کی حدود میں شوہر کے سامنے بیوی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کے لرزہ خیز مقدمے میں مطلوب مرکزی ملزم خاورمبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) حافظ آباد کی ٹیم نے شوہر کے سامنے بیوی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے مانگٹ اونچا کے قریب چھاپہ مارا تھاتو مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی اس دوران مرکزی ملزم خاور اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا اور ہسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی شفاف اور غیر جانبدار تفتیش کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے تھے۔متاثرہ خاندان کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا ہے اور اعلیٰ سطح پر کیس کی نگرانی جاری تھی۔یاد رہے کہ چند روز قبل ہلاک ہونے والے ملزمان خاور، اکرام مانگٹ اور لئیق نے میاں بیوی کواسلحہ کے زور یرغمال بنا کر گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی کی تھی اور ایک ساتھی چاند اجتماعی زیادتی کی ویڈیو بناتا رہا تھا۔

مانگٹ اونچا میں پیش آنے والے واقعے میں خاور عرف اور اس کے ساتھیوں نے ایک شادی شدہ جوڑے کو اغوا کر کے خاتون کو اجتماعی ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔ ملزموں نے اجتماعی زیادتی کی ویڈیو وائرل کی تو ڈی پی او عاطف نذیر نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تھانہ کسو کی میں 8 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا تھا۔واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے۔