عیدالاضحیٰ پر صفائی انتظامات کو چیلنج سمجھ کر نمٹیں گے،ذیشان رفیق

جمعہ 6 جون 2025 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی انتظامات کو چیلنج سمجھ کر نبرد آزما ہوں گے، وزیراعلیٰ کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے اس بار گزشتہ سال سے بڑھ کر کام کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں عید صفائی پلان اور قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اور میونسپل چیف افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ پنجاب کیٹل مارکیٹنگ، مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی سی ایم ایم ڈی سی) کے سی ای او تاثیر احمد اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے اجلاس کو انتظامات پر پریذینٹیشن دی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کیلئے موثر پلان بنانے کا حکم دیا ہے، لاہور میں شاہ پور کانجراں ماڈل منڈی کے علاوہ 5سیل پوائنٹ کام کر رہے ہیں۔ یہ پوائنٹ سپورٹس کمپلیکس، سگیاں، برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی، حویلی مرکز رائیونڈ میں بنائے گئے ہیں، صوبے کے باقی علاقوں میں پی سی ایم ایم ڈی سی کی 28منڈیوں کو سیل پوائنٹ قرار دیا گیا ہے، ان کے علاوہ 180سیل پوائنٹس محکمہ بلدیات نے قائم کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 84کیٹل مارکیٹس ہفتہ وار اپنے مقررہ ایام پر فعال ہوتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے لاہور میں غیر قانونی سیل پوائنٹس کیخلاف کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دیگر شہروں میں بھی نجی سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے،سڑکوں پر بالخصوص شام کو قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت روکی جائے گی۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ متعلقہ افسران باقاعدگی کے ساتھ کیٹل سیل پوائنٹس کے دورے کریں تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لائیو سٹاک، میونسپل اداروں اور ضلع انتظامیہ کے افسران مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی سیل پوائنٹ پر مویشیوں کی بیماری یا ڈینگی کی شکایت نہیں ملی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ الائشیں محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کیلئے ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ماحول دوست ویسٹ بیگ تقسیم کرے گی۔ صوبہ بھر میں ایک کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار ویسٹ بیگ تقسیم کئے جائیں گے۔

عید کے تینوں ایام کے دوران 3لاکھ 60ہزار 657ٹن ویسٹ جمع ہونے کا تخمینہ ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اس وقت ایک لاکھ 24ہزار 672ایچ آر موجود ہے تاہم عید کیلئے عارضی طور پر 15ہزار 204اضافی بھرتی بھی کی گئی ہے۔ اس وقت پنجاب میں دستیاب آلات کی تعداد 2لاکھ 9ہزار 638ہے جبکہ اضافی طور پر عید کیلئے ایک لاکھ 25ہزار 794آلات و مشینری کا انتظام ہوگا۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں 3870پرائمری کولیکشن سینٹر اور 4262یو سی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں 1661اجتماعی قربان گاہیں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقامی منتخب نمائندوں کو بھی آگاہی مہم کیلئے اعتماد میں لیا جائے۔ سوشل میڈیا اکاونٹس پر تمام سرگرمیوں کی تفصیل فراہم کی جائے۔ میڈیا نمائندوں کو تمام انتظامات پر اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر اور یونین کونسل میں آگاہی کیمپ فعال کر دئیے گئے ہیں جہاں عملہ موجود رہے گا۔ ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے کنٹرول روم سے صفائی آپریشن کی نگرانی کرے گی۔ وزیر بلدیات نے میونسپل کمیٹیوں کے دفاتر میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مرکزی کنٹرول روم مجموعی نگرانی کرے گا، صفائی کیلئے چونا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ سڑکوں کی صفائی کیلئے عید کے بعد فینائل یا عرق گلاب کا سپرے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کیلئے 28لاکھ 32ہزار 734کلوگرام چونے کا استعمال کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ صفائی پلان میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں، زیرو ٹالرنس ہوگا اور ہر سرگرمی کے تصویری شواہد مرکزی کنٹرول روم کو بھیجے جائیں۔