عیدالاضحی، قربانی کا پیغام ایثار، اخلاص اور یکجہتی کا مظہر ہے،الطاف شکور

جمعہ 6 جون 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے عالم اسلام اور پاکستانی قوم کوعید الاضحی کی مباکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی، قربانی کا پیغام ،ایثار، اخلاص اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ عیدالاضحی ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے کی قربانی دینے کے لیے تیار ہو کر اطاعت، ایثار اور ایمان کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی مسلمانوں کو یہ درس دیتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے مسلمانوں کو عزیز ترین شئے بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ قربانی کے اخلاص کو اللہ تعالیٰ نے ایسا پسند فرمایا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے خاندان کے اعمال حج میں لاکھوں مسلمان ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ دن ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ حقیقی قربانی صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنی انا، غرور، خودغرضی اور دنیاوی خواہشات کو اللہ کی رضا کے لیے قربان کرنا ہے۔

عیدالاضحی ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار، ہمدردی، اور اخلاص پیدا کریں اور معاشرے میں محروم طبقے کا خیال رکھیں۔ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کے اخلاص کے ساتھ کئے ہوئے اعمال کا ضائع نہیں کرتا ہے بلکہ اس میں کئی گنا اضافہ کرکے دنیا و آخرت میں بندے کو عطا فرما دیتا ہے۔ ایک اولاد کو قربان کرنے والے کہ ادا اللہ تعالیٰ کو اتنی پسند آئی کہ آج ان کی اولادوں کی کثرت ہوری دنیا میں ہے اور اللہ تعالیٰ نے نبی آخر الزماں کو ان ہی کے خاندان سے معبوث فرمایا۔ اللہ تعالیٰ کے دربار میں دکھاوا رد کر دیا جاتا ہے اور اخلاص قبول کر لیا جاتا۔ ہے۔ قبولیت کا مظہر برکت و عافیت ہے۔

متعلقہ عنوان :