چترال میں سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا اور شاہی پولو گراؤنڈ کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا،صوبائی وزیر کھیل

جمعہ 6 جون 2025 22:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا ہے کہ چترال میں سپورٹس کمپلیکس قائم کیا جائے گا اور شاہی پولو گراؤنڈ کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت علاقائی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ لوئر چترال کے موقع پر پری پولو شندور ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع لوئر چترال کے رکن صوبائی اسمبلی فاتح الملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں چترال سکاؤٹس اور چترال اے ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں چترال اے ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ فائنل میچ کے موقع پر بڑی تعداد میں تماشائی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور کیش انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے فائنل میچ جیتنے والی ٹیم کو 2 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے انعام دیا۔

اس موقع پر رسہ کشی کا مقابلہ بھی ہوا جسے جیتنے والے ٹیم کو 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ ٹیم کو30 ہزار روپے نقد انعام دیاگیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے اورعلاقائی کھیلوں کے مقابلے تواتر کے ساتھ منعقد کرانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے چترال کے تمام پولو گراؤنڈزکی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے چترال سپورٹس کمپلیکس کے قیام اورشاہی پولو گراؤنڈ کی بحالی پر جلد کا شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔