وکٹری پریڈ میں بھگدڑ سے اموات، کوہلی کی فرنچائز پرایف آئی درج

مقدمے میں ایونٹ مینجمنٹ کمپنی اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامی کمیٹی کو بھی نامزد

جمعہ 6 جون 2025 22:01

وکٹری پریڈ میں بھگدڑ سے اموات، کوہلی کی فرنچائز پرایف آئی درج
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں رواں سیزن کی فاتح ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کی وکٹری پریڈ میں بھگدڑ سے مرنے والوں کا ذمہ دار فرنچائز کو قرار دیدیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز رائل چیلنجرز بنگلور فتح کا جشن منانے ہزاروں مداح چِنّاسوامی اسٹیڈیم پہنچے تھے، جہاں بھگڈر کے باعث کم ازکم 11 افراد ہلاک ،متعدد زخمی ہوگئے۔

18 سال بعد آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے والی فرنچائز نے وکٹری پریڈ رکھنے کا اعلان کیا تھا، جس میں ٹیم کے کپتان سمیت غیر ملکی کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے شرکت کی تاہم اس دوران پھگڈر مچنے سے ہلاکتیں ہوئیں تاہم واقعہ میں ہلاک افراد کی اموات پر پولیس نے ایف آئی آر فرنچائز پر درج کرلی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہلاکتوں کے بعد عوامی غم و غصہ کم کرنے کیلئے فرنچائز نے متاثرہ خاندانوں کیلئے 10 لاکھ روپے فی کس دینے کا بھی اعلان بھی کیا۔

انتظامیہ کی جانب سے نہ صرف رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جس میں ایونٹ مینجمنٹ کمپنی اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کی انتظامی کمیٹی کو بھی نامزد کیا گیا ہے،ادھر معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بھارتی بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا کہ بنگلورو میں پیش آنے المناک واقعہ پر افسردہ ہیں، آئندہ اس طرح کی تقریبات کیلئے بڑا فیصلہ کرنا ہوگا۔

بی سی سی آئی سیکرٹری نے واقعہ سے دامن چھڑاتے ہوئے کہا کہ فرنچائزز کی نجی تقریبات پر بھارتی بورڈ کا کوئی کنٹرول نہیں۔اسی طرح انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) چیئرمین ارون دھومل نے بھی جان چھڑاتے ہوئے واقعہ کا ذمہ دار فرنچائز کو قرار دیدیا، انکا کہنا تھا کہ فرنچائز کی وکٹری پریڈ کو کوئی علم نہیں تھا، تو ہمیں اس کا ذمہ دار کیسے ٹھہرایا جا سکتا ہی ۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ایک انتہائی افسوسناک ہے اور ہم اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں لیکن ہمیں کسی ایسی چیز کے لیے جوابدہ نہیں ٹھہرایا جا سکتا جس پر ہمارا کوئی کنٹرول نہیں تھا۔