راولپنڈی میں عیدالاضحیٰ پر صوصی صفائی آپریشن جاری

اتوار 8 جون 2025 19:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) راولپنڈی میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے تین روزہ خصوصی صفائی آپریشن زور و شور سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صفائی آپریشن عید کے دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہا۔

انہوں نے کہا راولپنڈی سمیت تمام 6 اضلاع میں اب تک ہزاروں ٹن قربانی کی آلائشیں اٹھا کر محفوظ طریقے سے تلف کی جا چکی ہیں۔ صفائی آپریشن کی کڑی نگرانی مرکزی کنٹرول روم سے مسلسل جاری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی کوتاہی یا تاخیر سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے 100 سے زائد اضافی کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تقریباً 11,687 ورکرز صفائی کی اس مہم میں عید کے تیسرے دن تک اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

صفائی کے موثر نظام کو یقینی بنانے کے لیے 73 مستقل اور 168 موبائل ٹرانسفر سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جو عید کے تینوں دنوں کے دوران فعال رہیں گے۔ مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 22 کنٹرول رومز میں 54 اہلکار مسلسل ڈیوٹی پر مامور ہیں تاکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے صفائی مہم کے دوران 10 لاکھ 26 ہزار بائیو ڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز اور ایک لاکھ سے زائد آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

صفائی کے عمل کو مزید موثر بنانے کے لیے تعفن اور بیماریوں سے بچاؤ کے پیش نظر مختلف علاقوں میں چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جا رہا ہے۔ عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور سہولیات کی فراہمی کے لیے 22 تحصیلوں میں 45 ماڈل کیمپس اور 312 یونین کونسل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں ویسٹ بیگز کی فراہمی، شکایات کے اندراج اور معلوماتی مواد مہیا کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور صفائی عملے سے تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور تعفن سے پاک رکھا جا سکے۔