Live Updates

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے راول ڈیم میں ڈوب کر 3 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا

اتوار 8 جون 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے عید کے دوسرے روز راول ڈیم میں ڈوب کر 3 نوجوانوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے،شہریوں سے التما س ہے کہ وہ راول ڈیم میں نہانے کی پابندی پر عمل درآمد کریں۔اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ ۔

دفعہ 144 کے تحت راول ڈیم میں نہانے پر پابندی عائد ہے، پابندی کی خلاف ورزی پر متعدد بار گرفتاریاں بھی کی عمل میں لائی گئی ہیں۔اس حوالے سے عید سے قبل بھی متعدد بار شہریوں کو پابندی سے آگاہ کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ آج کے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین نوجوان نہانے کی غرض سے راول ڈیم میں کودے او ر تینوں جان کی بازی ہارگئے ۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ ایک نوجوان کو مردہ حالت میں ڈیم سے نکالا گیا جبکہ 2 نوجوانوں کو تشویشناک حالت میں نکالا گیا جو جانبر نہ ہوسکے۔ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ذمہ داران کا تعین کیا جا سکے گا۔شہریوں سے التما س ہے کہ وہ راول ڈیم میں نہانے کی پابندی پر عمل درآمد کریں۔واضح رہے کہ ڈوبنے والوں کی شناخت سید حسین مہدی ،احمد اورشاہزیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔

سید حسین مہدی گیارہویں جماعت کا طالب علم بتایا جاتا ہے۔ ایس ایچ او سیکرٹریٹ میاں عمران کے مطابق تینوں کی میتیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔اسلام آباد پولیس نے ریسکیو ٹیموں اورغوطہ خوروں کی مدد سے ڈوبنے والوں کو ڈیم سے نکالا۔پولیس ذرائع کے مطابق عثمان اور سعد نامی نوجوان بھی اس موقع پرموجود تھے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات