بالاکوٹ حادثے کا شکار افراد کا قیمتی سامان لواحقین کے حوالے کردیاگیا

پیر 9 جون 2025 20:00

مانسہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)بالاکوٹ میں حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا قیمتی سامان لواحقین کے حوالے کردیاگیا۔گزشتہ شب ڈمگلہ بالاکوٹ کے مقام پر ایک تیز رفتار گاڑی (پراڈو)کو افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ گاڑی میں سوار پانچ سیاح شدید زخمی ہو گئے تھے۔جنہیں فوری طبی امداد کے لیئے ہسپتال منتقل کیا گیا جو بعد میں تمام زخمیوں کو بہتر طبعی سہولیات فراہم کرنے کے لیئے اسلام آباد شفٹ کر دیا گیا۔

گزشتہ روز ایس ایچ او بالکوٹ فہد شاہ اور انکی ٹیم نے حادثے کے مقام سے برآمد ہونے والا قیمتی سامان لواحقین کے حوالے کر دیا۔جن میں نقدی رقم 8 لاکھ 51 ہزار روپے، پانچ عدد قیمتی موبائل فون (آئی فون)ایک عدد لائسنس یافتہ نائن ایم ایم ترکی ساختہ پستول اور کپڑوں کے بیگز شامل تھے۔

(جاری ہے)

بالاکوٹ پولیس کی اس امانت داری اور فرض شناسی پر ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے عملے کو بھرپور شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور بالخصوص سیاحوں (ٹورسٹس)کی سہولت، تحفظ اور رہنمائی کے لیئے مکمل طور پر تیار ہے۔ڈی پی او مانسہرہ نے حادثے کے تناظر میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ کے دوران تیز رفتاری، غفلت اور غیر محتاط رویے سے گریز کریں۔ٹریفک قوانین کی پابندی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان بچانے کا ذریعہ بنتی ہے۔لواحقین نے قیمتی سامان کی بحفاظت واپسی اور پولیس کے پیشہ ورانہ رویے پر دلی اطمینان کا اظہاد کیا اور مانسہرہ پولیس کا بھرپور الفاظ میں شکریہ ادا کیا۔