عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ایوب ٹیچنگ ہسپتال کی ایمرجنسی میں7425 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، ترجمان

منگل 10 جون 2025 15:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی ایمرجنسی سروسز بلا تعطل جاری رکھی گئیں۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل، فارمیسی، اور دیگر طبی و انتظامی عملے نے انتہائی ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ اپنی ڈیوٹی انجام دی۔

ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ملک سیف اللہ کے مطابق عید کی چار روزہ تعطیلات کے دوران ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 7425 مریضوں کو مختلف نوعیت کی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ان میں ٹریفک حادثات اور تیز دھار آلات سے زخمی اور فائر آرم انجری والے 508 افراد شامل تھے۔ 653 مریضوں کو مختلف وارڈز میں داخل کیا گیا، جن میں زیادہ تر کو فوری اور خصوصی طبی توجہ کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

ہسپتال کی لیبارٹریز میں 8700 ٹیسٹ کیے گئے، شعبہ زچہ و بچہ میں 177 بچوں کی ولادت ہوئی،238 مریضوں کے سی ٹی اسکین بھی کیے گئے۔ہسپتال انتظامیہ نے تمام عملہ کی عید کے دنوں میں بھرپور حاضری اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر قومی تہوار اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح رہے گی اور ہمارے فرنٹ لائن ہیروز یہ خدمت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :