راولپنڈی ،پولیس نے جرگے کے حکم پر قتل کی گئی لڑکی کے کپڑے برآمد کرلیے

جرگے میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی پولیس ٹیموں کے چھاپوں کا امکان

اتوار 3 اگست 2025 21:05

راولپنڈی ،پولیس نے جرگے کے حکم پر قتل کی گئی لڑکی کے کپڑے برآمد کرلیے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)راولپنڈی میں پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر، جرگے کے حکم پرغیرت کے نام پر قتل کی گئی لڑکی کے کپڑے برآمد کرلیے۔راولپنڈی میں جرگے کے حکم پرغیرت کے نام پر قتل کی گئی لڑکی کے مقدمے کی تفتیش میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جرگہ کے وقت پہنے گئے مقتولہ کے کپڑے برآمد کر کیے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر مقتولہ کے کپڑوں کے ساتھ ساتھ خودکار اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ذرائع کے مطابق خودکار اسلحہ کے لائسنس کے حوالے سے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جبکہ دوران تفتیش ملزمان نے جرگہ میں شامل افراد کے نام بھی پولیس کو بتا دیے۔ذرائع کے مطابق جرگے میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے بھی پولیس ٹیموں کے چھاپوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کشمیر جانے والی پولیس ٹیم بھی لڑکی کے اغوا سے متعلق شواہد لے کر واپس پہنچی ہے، پولیس ٹیم نے ملزمان کے کشمیر روانگی اور واپسی کے راستہ سے بھی شواہد حاصل کیے۔واضح رہے کہ حافظہ قرآن 19 سالہ سدرہ کے قتل کا واقعہ تھانہ پیر ودھائی کے علاقے فوجی کالونی میں پیش آیا تھا، خاتون کے پہلے شوہر ضیاالرحمٰن نے مبینہ طور پر قتل کو چھپانے کے لیے تھانہ پیرو دھائی میں مقدمہ درج کروایا تھا۔

21 جولائی کو تھانہ پیر ودھائی میں درج کرائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں ضیاالرحمٰن نے موقف اپنایا تھا کہ اس کی شادی 17 جنوری 2025 کو سدرہ سے ہوئی تھی، مدعی نے اپنی اہلیہ پر طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر جرگے کے فیصلے پر موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا، تھانہ پر ودھائی میں درج ایف آئی آر میں لڑکی کے عثمان نامی شخص سے مبینہ تعلق اور غیر شرعی نکاح کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

مدعی نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا تھا کہ راولپنڈی کی فوجی کالونی کا رہائشی عثمان اس کی بیوی سدرہ کو ورغلا کر اپنے ساتھ لے گیا ہے اور غیر شرعی طور پر اس سے نکاح بھی کرلیا ہے، مدعی نے پولیس سے اپنی بیوی کو بازیاب کرانے کی استدعا کی تھی۔