پاکستان ایران فری ٹریڈ معاہدہ تیار ہو چکا، دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا پاکستان ایران بزنس فورم سے خطاب

اتوار 3 اگست 2025 17:50

پاکستان ایران فری ٹریڈ معاہدہ تیار ہو چکا،   دو طرفہ تجارت میں اضافہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ ایران سے تجارت پر انحصار کرتے ہیں،سرحدی تجارت دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے ،مند۔پشین بارڈر مارکیٹ دوبارہ فعال ہو گئی،چاغی۔کوہک اور گبد۔ریمدان مارکیٹس جلد فعال کی جائیں گی،نئی مارکیٹس سے سرحدی علاقوں کو فائدہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں منعقدہ پاکستان ایران بزنس فورم سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے ایرانی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران تعلقات بھائی چارے پر مبنی ہیں،بلوچستان کے لوگ ایران سے تجارت پر انحصار کرتے ہیں،سرحدی تجارت دونوں ملکوں کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مند۔پشین بارڈر مارکیٹ دوبارہ فعال ہو گئی ہے ،مارکیٹ 30 جولائی کو دوبارہ کھولی گئی ہے۔

(جاری ہے)

جام کمال خان نے مزید کہا کہ چاغی۔کوہک اور گبد۔ریمدان مارکیٹس جلد فعال کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی مارکیٹس سے سرحدی علاقوں کو فائدہ ہوگا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ نجی شعبہ 10 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران فری ٹریڈ معاہدہ تیار ہو چکا ہے، معاہدے سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ پر جلد عملدرآمد ،نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنا ضروری ہے۔ باہمی تجارت کے فروغ کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا کسٹمز تعاون اور انفراسٹرکچر بہتر کیا جائے گا۔وزیر تجارت نے کہا کہ زراعت، معدنیات اور توانائی میں دو طرفہ تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے،حکومت سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے،ایرانی کمپنیوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

جام کمال خان نےایرانی بزنس و صنعتکار برادری کو مشترکہ منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت بھی دی۔جام کمال خان نے کہا کہ یہ فورم دوستی کی علامت ہے،ایرانی صنعتکار پاکستان میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں،یہ پاک ایران تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وفاقی وزیر تجارت نے ایرانی صدر کی بزنس فورم میں شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایران میں مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد بلا یا جائے گا،مشترکہ کمیشن کے ذریعے تجارت کو فروغ ملے گا۔

بزنس فورم سے ایرانی وزیر تجارت محمد آتابک نے بھی خطاب کیا۔پاک ایران بزنس فورم میں دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔