تمام معاشی اشارے درست سمت میں گامزن ہیں، نائب وزیراعظم

مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، پالیسی اصلاحات سے پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی، حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے؛ اسحاق ڈار کا بزنس فورم سے خطاب

اتوار 3 اگست 2025 19:30

تمام معاشی اشارے درست سمت میں گامزن ہیں، نائب وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2025ء) نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹرمحمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، پاکستان کے زرعی وصنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں،پاکستان اور ایران نے آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر اتفاق کیا ہے جو ہمارے تجارتی رابطوں میں اضافہ کرے گا۔

پاکستان ایران کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے حوالہ سے منعقدہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نےایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، وفاقی کابینہ اور ایران کے وزرا ءسمیت دونوں ممالک کی کاروباری برادری سے بزنس فورم میں شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورم بنیادی اہمیت کا حامل ہے دونوں ممالک کے تعلقات دہائیوں طویل ہیں، آج ہم باہمی تعلقات کے ایک نئے مرحلہ میں داخل ہو رہے ہیں جن کی بنیاد معاشی روابط کے فروغ پر ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک معاشی رابطوں کے فروغ سے اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے، ہماری باہمی تجارت میں اضافہ ہورہا ہے لیکن یہ استعداد سے کم ہے۔ باہمی تجارتی استعداد سے حقیقی استفادہ کیلئے پاکستان اور ایران نے آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر اتفاق کیا ہے جو ہمارے تجارتی رابطوں میں اضافہ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاہدہ سے ٹیرف میں کمی، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمہ سمیت دونوں ممالک میں کاروباری شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنے معاشی مستقبل کی بہتری کیلئے نئے مواقع تلاش کریں گے تاکہ دونوں ممالک کی معیشت اور عوام کی ترقی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مذاکرات میں دونوں ممالک کی قیادت نے تجارتی و معاشی رابطوں میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے اور باہمی تجارت کودس ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسٹمز اوور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں، دونوں ممالک اقتصادی تعاون میں اضافہ کیلئے ای سی اور اور ایس سی او کے فورمز پربھی مشترکہ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، اس حوالہ سے میرا اپنے ایرانی ہم منصب سے اکثر رابطہ ہوتا ہے جس کی مثال سفارتی شعبہ میں کم ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 200 ملین سے زیادہ کی صارف مارکیٹ نمایاں معاشی مواقع پیش کرتی ہے اور پاکستان خطے سمیت عالمی سطح پر اہم تجارتی مرکز کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور اصلاحات و کاروباری آسانیوں کی فراہمی سے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع پیش کئے جارہے ہیں۔ اس حوالہ سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی) قائم کی گئی ہے جہاں پر سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی معاونت فراہمی کی جاتی ہے۔ پاکستان کی معیشت ترقی کے راستے پر گامزن ہے، افراط زر پانچ فیصد جبکہ پالیسی ریٹ 11 فیصد تک کم ہوچکا ہے، اب ہماری توجہ ترقی پر ہے۔

پالیسی اصلاحات سے پائیدار معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ قومی معیشت کے مختلف شعبے ترقی کر رہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاری میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاور اور آئل سیکٹر میں بیرونی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی ترقی کا پانچ سالہ منصوبہ ’’اڑان پاکستان‘‘ مرتب کیا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو مشترکہ منصوبوں کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران آزادانہ تجارت کا معاہدہ تجارت و سرمایہ کاری کی کئی راہیں کھولے گا اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایف ٹی اے سے آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، لاجسٹک، فنانشل سروسز اورسیاحت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے فورم کے کامیاب انعقاد پر تمام شراکت داروں کی ستائش کی اور ایرانی قیادت سمیت کاروباری برادری سے اظہارتشکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورایران معیشت و تجارت سمیت سفارتی سطح پر تعاقات کے فروغ کیلئے تمام علاقائی و عالمی فورمز پر اشتراک کار کو وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہم مل کر کام کریں اور دونوں ممالک کے مستقبل کو روشن کرنے کیلئے دستیاب مواقع سے استفادہ کریں۔