اہلیان راولاکوٹ کا سی ایم ایچ راولاکوٹ میں تعینات ماہرین امراض قلب کی اکھاڑ پچھاڑپر اظہار تشویش

منگل 10 جون 2025 17:59

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء) اہلیان راولاکوٹ نے حکومت آزادکشمیر سے کہا ہے کہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں تعینات ماہرین امراض قلب کی اکھاڑ پچھاڑپورے پونچھ ڈویژن کے مریضوں کو مشکلات میں ڈالنے کے مترادف ہے ، سی ایم ایچ راولاکوٹ جو کہ پورے ڈویژن کا سب سے بڑا طبی مرکز ہے اور یہاں پر روزانہ آنے والے مریضوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے اس لئے راولاکوٹ میں نہ صرف مزید کارڈیالوجسٹ تعینات کئے جائیںبلکہ سی ایم ایچ کو مظفرآباد کی طرح اپ گریڈ بھی کیا جائے ، سی ایم ایچ راولاکوٹ سے ایک سنیئر ترین کارڈیالوجسٹ کا تبادلہ ایسے وقت میں عمل میں لایا گیا یہاں کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا عمل شروع ہو ا دوسری جانب مزیدسنیئرز ڈاکٹرز کو بھی یہاں سے تبدیل کرنے کی کو شش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مسائل سے دوچار ہونا پڑے گا،جس طرح دیگر کئی ڈاکٹرز سی ایم ایچ راولاکوٹ سے منسلک ہیں اور ان کی تعیناتی دوسرے اضلاع میں ہے اسی طرح مزید ماہرین امراض قلب کو یہاں تعینات کیا جائے تاکہ یہاں پر کارڈیالوجی سینٹر کے قیام کو عملی شکل دی جاسکے ، یہ بات سرکردہ سیاسی و سماجی رہنما سردار عدنان رزاق، سردار نیاز تبسم، سردار جاوید خان ، طارق بھٹی ، قاضی محمود ، محمد خلیل خان ، سردار بشیر ، محمد وسیم، ملک ذوالفقار ، طاہر خان اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہی ، انہوں نے کہا کہ اگر کارڈیالوجسٹس کو یہاں سے کسی اور جگہ تعینات کرنے کی مزید کو ئی سازش کی گئی تو احتجاج کریں گے کیونکہ سی ایم ایچ راولاکوٹ میں ایسے ڈاکٹرز کی زیادہ ضرورت ہے جہاں دیگر اضلاع سے مریض آتے ہیں ، راولاکوٹ چونکہ مرکز ہے اور تمام اضلاع کے لوگوں کے یہاں کی مسافت یکساں ہے ، اس لئے حکومت عوامی سہولت کی خاطر ڈاکٹر فرید اور ڈاکٹر نثار کی معاونت کے لئے نہ صرف مزید سہولیات مہیا کرے بلکہ کارڈیالوجی سینٹر کے قیام کو فوری یقینی بنائے ۔

متعلقہ عنوان :