میرے شوہر پر الزامات ابھی ثابت ہونا ہے، وہ مجرم نہیں ہیں، نادیہ حسین

کڑے وقت میں کچھ لوگوں کی اصلیت کھل کر سامنے آئی، تحقیق ہوگی تو انشا اللہ انصاف بھی ملے گا، اداکارہ

منگل 10 جون 2025 19:30

میرے شوہر پر الزامات ابھی ثابت ہونا ہے، وہ مجرم نہیں ہیں، نادیہ حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)معروف اداکارہ، ماڈل و کاروباری شخصیت نادیہ حسین نے کہا ہے کہ میرے شوہر پر الزامات ہیں جنہیں ابھی ثابت ہونا ہے، وہ مجرم نہیں ہیں۔یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں کہا کہ دنیا بھر میں الزامات ثابت ہونے پر ملزم کو مجرم ٹھہرایا جاتا ہے جبکہ ہمارے ملک میں الزامات لگنے پر ہی ملزم کو مجرم قرار دے دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے شوہر پر ابھی الزامات لگے ہیں، الزامات کوئی بھی لگا سکتا ہے، وہ الزامات ثابت بھی کرنے ہوتے ہیں، ابھی کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوا، الزامات کا معاملہ جج اور عدالت نے دیکھنا ہے مگر یہاں میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین بھی منصف بن کر آپ کو مجرم قرار دے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے شوہر کی ضمانت ہو رہی ہے، بیچ میں بہت سے مسائل آ گئے تھے جن کی وجہ سے کیس آگے نہیں بڑھ سکا۔

نادیہ حسین نے بتایا کہ اس کڑے وقت میں کچھ لوگوں کی اصلیت کھل کر سامنے آئی ہے، وہ لوگ دوستوں اور رشتے داروں میں سے نہیں ہیں بس ان سے پیشہ ورانہ تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس مسئلے پر بہت زیادہ ردِ عمل نہیں دے سکتی ہوں مگر یہ سارا معاملہ تحقیقات کا ہے، تحقیق ہوگی تو انشا اللہ انصاف بھی ملے گا۔