اب تک سچا پیار ہوا ہی نہیں، سلمان خان کے اعتراف پر مداحوں میں ہلچل

سلمان خان ماضی میں کترینہ کیف سمیت بالی وڈ کی متعدد اداکارائوں کو ڈیٹ کرچکے ہیں

ہفتہ 30 اگست 2025 14:22

اب تک سچا پیار ہوا ہی نہیں، سلمان خان کے اعتراف پر مداحوں میں ہلچل
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) بالی وڈ دبنگ اسٹار سلمان خان نے اعتراف کیا ہیکہ انہیں ابھی تک نہ سچا پیار ہوا اور نہ ان کا کوئی پیار ادھورا رہا ہے ۔بگ باس کے 19سیزن کا آغاز سلمان خان کی میزبانی میں ہوچکا ہے۔بگ باس19 کے پریمیئر ایپی سوڈ میں شو کی کنٹیسٹنٹ تانیہ متل کی جانب سے سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ سر!کیا سچا پیار ہمیشہ ادھورا رہ جاتا ہی اس پر سلمان خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سچا پیار میں سچے پیار سے متعلق نہیں جانتا، کیوں کہ مجھے ابھی تک سچا پیار ہوا ہی نہیں، نہ مجھے کبھی سچا پیار ہوا نہ کبھی میرا پیار ادھورا رہا ہے۔

سلمان خان کے مداحوں میں ان کے اس بیان کو لے کر خاصی ہلچل مچی ہوئی ہے کیوں کہ ماضی میں سلمان خان کا نام ایک نہیں متعدد بالی وڈ اداکاراں کے ساتھ جوڑا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماضی میں سلمان خان اداکارہ سنگیتا بجلانی کے ساتھ لمبے عرصے تک تعلق میں رہ چکے ہیں، سنگیتا اور سلمان نے 1986 میں ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا، 1994 میں دونوں نے شادی کرنے کا ارادہ کرلیا تھا اس حوالے سے سلمان خان نے خود بتایا تھا کہ 'سنگیتا بجلانی' کے ساتھ ان کی شادی کے کارڈز تک چھپ گئے تھے لیکن پھر شادی نہ ہوسکی۔

سلمان خان نے 1991سے 1999تک بالی وڈ اداکارہ سومی علی خان کو ڈیٹ کیا جس کے بعد فلم ہم دل دے چکے صنم کے سیٹ پر سلمان خان اور ایشوریا کے درمیان مراسم بڑھ گئے، ایشوریا اور سلمان کی دوستی بھی شادی تک جاپہنچی تھی لیکن 2001 میں اس جوڑی کے درمیان دراڑ آگئی۔بتایا جاتا ہے کہ ماضی میں سلمان خان کترینہ کیف کو بھی 4 سال تک ڈیٹ کرچکے ہیں اس عرصے کے دوران دونوں کی شادی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن یہ تعلق بھی دیگر افیئرز کی طرح شادی تک پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔