کئی بارمطالبہ کیا گیا کہ والد سے اعلان لاتعلقی کروں، اذان سمیع خان

ہفتہ 30 اگست 2025 13:57

کئی بارمطالبہ کیا گیا کہ والد سے اعلان لاتعلقی کروں، اذان سمیع خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ بطور پاکستانی والد عدنان سمیع کے فیصلے سے اختلاف ہے لیکن بطور بیٹا ان کا احترام کرتا ہوں۔ ڈرامہ سیریل میں منٹو نہیں ہوں میں فرہاد بن یامین کا کردار نبھانے والے اداکار اذان سمیع خان نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیا۔

انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ متعدد بار ان سے کئی افراد نے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے والد گلوکار عدنان سمیع خان کے خلاف ناصرف باتیں کریں بلکہ ان سے لاتعلق ہونے کا اعلان بھی کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارت کی شہریت اختیار کرنا ان کے والد کی اپنی پسند تھی، انہیں غلطی یا گناہ کہا جائے، اس سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ان کے نانا اور دادا دونوں حکومت پاکستان کے اعلی سرکاری عہدوں پر تعینات رہے لیکن بد قمستی سے ان کے والد نے پاکستانی شہریت چھوڑ کر بھارتی شہریت لی۔

اذان سمیع خان نے کہا کہ ان کا والد کے ساتھ بہت ساری باتوں پر اختلاف ہے اور ان کے درمیان اختلافات ہوتے ہیں لیکن بطور بیٹا وہ ان کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔اداکار کے مطابق مذہب اسلام بھی والدین کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے، پاکستانی سماج بھی یہی کہتا ہے لیکن دوسری طرف لوگ انہیں والد کی وجہ سے طعنے دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے درمیان والد اور بیٹا والا رشتہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، وہ کبھی بھی والد سے لاتعلق ہوں گے، نہ ان کے خلاف باتیں کریں گے، البتہ وہ والد کی باتوں اختلاف رائے رکھتے رہے ہیں۔

اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کی باتیں سن اور پڑھ کر انہیں دکھ ہوتا ہے، ایک طرف لوگ ملک کے سیکولر ہونے کا دعوی کر رہے ہوتے ہیں، دوسری طرف انہیں والد کی وجہ سے گالیاں دے رہے ہوتے ہیں۔