تدریسی ہسپتال مردان میڈیکل کمپلیکس و بینظیر چلڈرن ہسپتال میں عیدالاضحٰی کی تعطیلات کے دوران 7 ہزار584 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں

منگل 10 جون 2025 22:03

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) تدریسی ہسپتال مردان میڈیکل کمپلیکس و بینظیر چلڈرن ہسپتال میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران 7 ہزار584 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر حکمت عملی ترتیب دی تھی جس کے تحت شعبہ حادثات سمیت تمام وارڈز/شعبے مکمل طور پر فعال رہے۔

ہسپتال کی عید کارکردگی رپورٹ کے مطابق مردان میڈیکل کمپلیکس میں 339 ٹریفک حادثات، 17 فائرنگ سے زخمی، معدہ و دیگر شکایات والے افراد سمیت مجموعی طور پر 5 ہزار897 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جبکہ 323 افراد کو مزید علاج اور تشخیص کی غرض سے مختلف شعبوں میں داخل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح 5 ہزار 951 مختلف نوعیت کے لیبارٹری ٹیسٹ کئے گئے جبکہ 1،987 مریضوں کے ایکسرے، سٹی سکین و الٹراساونڈز کئے گئے۔

ہسپتال میں عید کے چار دن کی چھٹیوں میں 161 بچوں کی پیدا بھی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق چھٹیوں کے دوران ہسپتال میں 161 بڑی سرجریز اور مائنر سرجریز اور پروسیجرز جبکہ علاوہ 111 ڈائیلاسز سیشنز کیے گئے۔ بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال میں 1ہزار 687 بچوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ہسپتال ترجمان کے مطابق عید کے دوران ہسپتال میں عوام کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور دیگر طبی و انتظامی عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئیں تھیں۔ ہسپتال انتظامیہ نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈیوٹی انجام دینے والے عملے کے افراد کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔