وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت یو ای ٹی کے اے کلاس ملازمین کیلئے بینوولنٹ فنڈ کے بورڈ آف مینجمنٹ کے اجلاس کا انعقاد

منگل 10 جون 2025 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت یو ای ٹی کے اے کلاس ملازمین و اساتذہ کیلئے یونیورسٹی کے بینوولنٹ فنڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف سطحوں پر اے کلاس ملازمین اور اساتذہ کیلئے مالی امداد کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اے کلاس ملازمین کے انٹرمیڈیٹ سطح کے 23 بچوں کو ماہانہ 10,000 روپے دیے جائیں گے جبکہ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے 23 طلبا کو ماہانہ 15,000 روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

سکول کی سطح کے 95 طلبا کے لیے ماہانہ 6,500 روپے کی مالی معاونت کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ ایک ملازم کی بیٹی کی شادی کے سلسلے میں 1,50,000 روپے کی مالی امداد فراہم کی گئی جبکہ ایک ملازم کو تدفین کے اخراجات کے طور پر 20,000 روپے دئیے گئے۔

(جاری ہے)

9 ملازمین کو طبی بنیادوں پر 11,13,066 روپے کی مالی امداد منظور کی گئی۔ ایک مرحوم یونیورسٹی ملازم کی بیوہ کو سالانہ 15,000 روپے مالی امداد پانچ سال کے لیے منظور کی گئی۔

اسی طرح مرحوم ملازم (جو دورانِ سروس وفات پا گئے تھے)کے بچوں کو ماہانہ 6,500 روپے سکالرشپ کی صورت میں مالی امداد فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی اپنے ملازمین کو صرف ورک فورس نہیں بلکہ ایک خاندان کا حصہ سمجھتی ہے،ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے،ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ہر مشکل وقت میں یونیورسٹی اپنے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہو۔

متعلقہ عنوان :