نہر میں شگاف پڑنے سے پانی آبادی میں داخل ، بروقت کارروائی سے قابو پالیا گیا

منگل 10 جون 2025 22:33

خانیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) تحصیل کبیروالا کےنواحی علاقہ نواں شہر کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا تاہم بروقت کارروائی سے بڑا نقصان ٹل گیا۔اسسٹنٹ کمشنر رانا عامر لیاقت اور ایکسین محمد بن خورشید پوری رات موقع پر موجود رہے۔ مرمتی کام صبح تک مکمل کرلیا گیا۔تفصیل کے مطابق عید کے دوسرے روز رات ایک بجے کبیروالا کے نواحی علاقے موضع نواں شہر میں نہر میں اچانک شگاف پڑ گیا، جس کے باعث پانی تیزی سے قریبی آبادی اور زرعی زمینوں میں داخل ہو گیا۔

اس اچانک افتاد سے علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا رانا عامر لیاقت نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر حالات کا خود جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ آبپاشی کے ایکسین محمد بن خورشید (بنڈہ سرگانہ) کو ہنگامی طور پر طلب کیا۔ دونوں افسران کی نگرانی میں شگاف کی مرمت کا کام فوراً شروع کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر رانا عامر لیاقت تقریباً پانچ گھنٹے مسلسل موقع پر موجود رہے اور تمام کارروائی کی ذاتی نگرانی کرتے رہے۔ ان کی بروقت مداخلت اور مؤثر رابطہ کاری کے نتیجے میں نہ صرف شگاف پر قابو پایا گیا بلکہ قریبی آبادی کو ممکنہ بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ ایکسین محمد بن خورشید نے مرمتی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے تیزی سے کام مکمل کروایا، جس سے پانی کا بہاؤ قابو میں آیا اور نقصانات سے بچاؤ ممکن ہوا۔