ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں اہم اجلاس کا انعقاد

منگل 10 جون 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، اسسٹنٹ کمشنر صدر، اسسٹنٹ کمشنر سریاب، شیعہ کانفرنس کے نمائندے اور تحصیلداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی کے انتظامات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

6 محرم الحرام سے 10 ویں محرم تک تمام مجالس، روٹس، ان کی تعداد، مقامات اور ان کی سکیورٹی کے حوالے سے جامع پلان مرتب کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے مکمل انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مل کر کام کریں تاکہ عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید برآں شیعہ کانفرنس کے نمائندوں نے اپنے خدشات اور تجاویز بھی پیش کیں، جن پر غور کرتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پلان کو مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کیا جائے۔