سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن اور سندھ حکومت کی ترجمان سمعیہ افضال نے ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد کا دورہ

سوشل میڈیا موجودہ دور میں معلومات کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، جس سے استفادہ کرکے حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، سمعیہ افضال

منگل 10 جون 2025 21:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) صوبائی سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن اور سندھ حکومت کی ترجمان سمعیہ افضال نے ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن حیدرآباد کا دورہ کیا، انہوں نے عملے سے ملاقات کی اور حیدرآباد میں سوشل میڈیا سیل کے قیام کے حوالے سے ہدایات جاری کیں، اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شہزاد شیخ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے جدید رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکیں۔سندھ حکومت کی ترجمان سمعیہ افضال نے کہا کہ اطلاعات کے شعبے کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے، سوشل میڈیا سیل کے قیام سے نہ صرف حکومتی اقدامات کو موثر انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے گا بلکہ غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کا بروقت جواب بھی دیا جا سکے گا، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا موجودہ دور میں معلومات کا ایک طاقتور ذریعہ ہے، جس سے استفادہ کرتے ہوئے حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ میں موجود سوشل میڈیا سیل سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کو سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔