Live Updates

موجودہ حالات میں بہتر بجٹ پیش کرکے ہر طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے ، وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ کی میڈیا سے گفتگو

منگل 10 جون 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بہتر بجٹ پیش کرکے ہر طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرح نمو میں اضافے سے ہر شعبے میں بہتری آئے گی ، ٹیکس میں کمی اور ٹیکس نیٹ کو بڑھایا جائے گا جس سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کو فروغ ملے گا ، ڈیجٹلائزیشن کو ترقی ملنے سے نوجوان با اختیار ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو 10 فیصد اضافے کے ساتھ ٹیکس کی شرح میں کمی کی گئی ہے جس سے سرکاری ملازمین کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ابھی تجاویز ہیں جب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بحث ہو گی تو مزید بہتری آئے گی ۔

(جاری ہے)

قیصر احمد شیخ نے اپوزیشن کے رویہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاہیئے تو یہ تھا کہ یہ بجٹ غور سے سنتے تاکہ بحث کے دوران بہتری کے لئے کوئی تجاویز دیتے ، جس کا عوام نے انہیں مینڈیٹ دیا ہے ، انہیں عوام کے بجائے بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے غرض ہے ، عوام سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ ہر اعتبار سے موزوں ہے جس میں مزید بہتری آئے گی ، اس وقت معاشی اشاریے مثبت ہیں، سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جو شرح نمو میں مزید بہتری آنے کے مظہر ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات