فیصل آباد پولیس نے آگ سے جھلسی نامعلوم نعش کو شناخت کرکے اندھے قتل کے ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 11 جون 2025 00:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) فیصل آباد پولیس نے آگ سے جھلسی نامعلوم نعش کو شناخت کرکے اندھے قتل کے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ روڈالہ روڈ پولیس ے موٹروے پر آگ سے جھلسی نامعلوم نعش کی شناخت کرکے اسکے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کو ٹریس کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق چند روز قبل ایک شخص کی نعش موٹروے پر (سمی دی جھوک )کے قریب جلی ہوئی حالت میں ملی،جس کو نامعلوم ملزمان نے قتل کر کے جلا دیا تھا۔

(جاری ہے)

نامعلوم ملزمان کیخلاف تھانہ روڈالہ روڈ میں مقدمہ درج ہوا۔ تھانہ روڈالہ کی تفتیشی ٹیم نے ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے نامعلوم نعش کی شناخت کا سلسلہ جاری رکھا۔دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ نامعلوم ملنے والی نعش فرخ شکیل نامی شخص کی ہے جس کو تھانہ کاہنہ لاہور کے ایریا سے اغواء کیا گیا۔ تھانہ کاہنہ لاہور میں اغواء کا مقدمہ6242/25 بجرم 365ت پ درج رجسٹر ہؤا تھا۔ مقدمہ کی تفتیش کے دوران تھانہ کاہنہ پولیس کے ہمراہ ملزمان کی گرفتاری کا تحرک جاری رکھا جو کہ ملزمان مبشر حنیف اور عبد الوہاب کو باہمی کاوش سے گرفتار کر کے تھانہ کاہنہ پولیس نے پابند سلاسل کر دیا۔