فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کا عالمی دن 16جون کومنایا جا ئے گا

بدھ 11 جون 2025 11:59

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)فیصل آباد میں انسداد ڈینگی کا عالمی دن 16جون کومنایا جا ئے گا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرفیصل آبادنے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دفاتر اور اداروں کی جامع صفائی اور مون سون کی آمد کے پیش نظر انسدادی اقدامات کو مزید تیز کریں اور انسداد ڈینگی ٹیمیں بھی فیلڈ میں لاروا کی تلفی کے لئے متحرک رہنی چاہئیں جوہاٹ سپاٹس کو ذمہ دارانہ انداز میں چیک کرنے کی بھی پابند ہوں گی۔

انہوں نے متعلقہ حکام پر واضح کیا کہ مون سون میں ممکنہ شدید بارشیں ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بن سکتی ہیں لہٰذا تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں۔انہوں نے کہا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس سرگرمیوں کے نتائج ملنے چاہئیں،فریج کی ٹرے، پرندوں کے پانی والے برتنوں،ایئرکولر کا پانی اور اے سی کے پائپس کو مسلسل چیک اور پانی ضائع کیا جائے،عوامی آگاہی کے لئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے حکام کے مطابق انسداد ڈینگی مہم پر بھرپور طریقے سے عملدر آمد جاری ہے اور اس ضمن میں چوک گھنٹہ گھر میں تاجر تنظیموں کے لئے آگاہی سیشن بھی منعقدکیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹرنے شرکا کو ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لئے اقدامات پر زوردیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیا جائے تاکہ مشترکہ کوششوں سے ڈینگی کا صفایا ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی آئندہ مون سون کے پیش نظر ڈینگی لاروا کی تلفی اور شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے تاہم تمام طبقات کے تعاون کے بغیر ڈینگی سے بچاؤ ممکن نہیں لہٰذا ہر شہری اپنے حصے کا ذمہ دارانہ کردار اداکرے۔اس موقع پر تاجر تنظیموں نے اپنے بھرپور تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :