Live Updates

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بجٹ کا پوسٹ مارٹم کردیا، حکومت پر شدید تنقید

پچھلے سال حکومت نے اپنے ٹارگٹ سے ایک ہزار ارب کم ٹیکس اکٹھا کیا، لوگوں اور معیشت کا چمڑا بھی نچوڑ لیا تو مزید ٹیکس کہاں سے آئے گا؟ معیشت خاک ترقی کرے گی؟ سینئر سیاستدان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 14:02

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بجٹ کا پوسٹ مارٹم کردیا، حکومت پر شدید تنقید
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) سینئر سیاستدان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بجٹ کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے حکومت پر شدید تنقید کردی۔ اس حوالے سے اپنے بیان میں طنزیہ انداز اختیار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ تنخواہ دار طبقے کو حکومت نے بہت بڑا ریلیف دے دیا تالیاں، حقیقت کیا ہے؟ ایک لاکھ ماہانہ تنخواہ پر دو ہزار روپے، ڈیڑھ لاکھ پر چار ہزار، دو لاکھ پر پانچ ہزار چھ سو کی سخاوت کی گئی ہے، اس پر حکومت کے کیا کہنے، اسی طرح تباہ حال زراعت اور کسانوں کے لیے حکومت کا بڑا ریلیف واہ واہ، حقیقت کیا ہے؟ حکومت نیا ٹیکس نہیں لگائے گی، قومی بیج پالیسی تیار کرے گی اور 300 طلباء کو چین زراعت پڑھنے کے لیے بھیجے گی، سبحان اللہ۔

سابق سینیٹر کا کہنا ہے کہ حکومت نے فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل پر ڈھائی روپے اِضافی ٹیکس لگا دیا تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے، کمال ہو گیا، حقیقت کیا ہے؟ صاف شمسی توانائی کے سب سے بڑے ذریعہ سولر پر 18 فیصد ٹیکس لگا دیا، ہم کوئی بے وقوف ہیں؟، حکومت نے یہ بجٹ مڈل کلاس طبقہ کو ریلیف دینے کے لیے بنایا، حقیقت؟ 850 سی سی گاڑیوں جن میں سوزوکی آلٹو وغیرہ شامل ہے، اُن پر بھی 18 فیصد مزید ٹیکس ٹھوک دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے لیے پر عزم ہے، نوجوانوں کا کردار اِس میں کلیدی ہے، بہت خوب، حقیقت کیا ہے؟ جو کچھ بھی انٹرنیٹ پر خریدا اور بیچا جائے گا اُس پر بھی 64 ارب کا ٹیکس لگا دیا، ساڈے لائق کچھ ہور خدمت؟ حکومت برین ڈرین یعنی کے پڑھے لکھے طبقہ کے ملک چھوڑنے سے سخت پریشان ہے اور اُس کی روک تھام کے لیے انقلابی قدم اٹھانے کا اعلان کرتی ہے، وہ کیا ہے؟ ایک کڑوڑ سے زائد کمانے والوں کو ایک فیصد چھوٹ، ایک کروڑ کمانے والا باہر جائے گا ہی کیوں، افلاطونوں؟۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت اس سال 14 ہزار ارب روپے ٹیکس میں اکٹھا کرے گی اور شرح نمود 4.2 فیصد ہوگی، حقیقت؟ پچھلے سال حکومت نے اپنے ٹارگٹ سے ایک ہزار ارب کم ٹیکس اکٹھا کیا، لوگوں اور معیشت کا چمڑا بھی نچوڑ لیا تو مزید ٹیکس کہاں سے آئے گا اور معیشت خاک ترقی کرے گی؟۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات